پاکستان نے جنگ بندی کی امریکی تجاویز ایران تک پہنچا دیں
اسلام آباد / تہران / تل ابیب / واشنگٹن (ویب ڈیسک) پاکستان خطے کو بڑی جنگ سے بچانے کے لیے سرگرم ہو گیا ہے اور جنگ بندی سے متعلق امریکی تجاویز ایران کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ دفترِ خارجہ نے اس نازک صورتحال میں افواہوں سے گریز کرنے اور سرکاری سفارتکاری پر بھروسا کرنے کی اپیل کی ہے۔
ادھر سی آئی اے کے سابق سربراہان کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کی حکمت عملی اور اسرائیلی ارادوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ ایران کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے ساتھ ساتھ کویت، اردن اور بحرین میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا ہے۔ دوسری جانب تل ابیب پر میزائلوں کی بارش اور کویت ایئرپورٹ پر حملوں کے بعد تباہی کے مناظر سامنے آ رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے نے سینئر ایرانی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان نے جنگ بندی کے لیے امریکی تجاویز ایران کے حوالے کر دی ہیں، تاہم ان تجاویز کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے مقام کے بارے میں ابھی فیصلہ نہیں ہوا، جبکہ ترکی اور پاکستان دونوں کو مذاکرات کی ممکنہ میزبانی کے لیے زیر غور لایا جا رہا ہے۔
0 تبصرے