ملک ریاض سے پلاٹ اور اپارٹمنٹس لینے والوں کی فہرست طویل ہے: رانا ثناء اللہ

ملک ریاض سے پلاٹ اور اپارٹمنٹس لینے والوں کی فہرست طویل ہے: رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (رپورٹ) وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر سینیٹر رانا ثناء اللہ نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کے بیٹوں کو اپنے والد سے جیل میں ملاقات کا مکمل حق حاصل ہے اور انہیں ویزا ملنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر ابھی تک وزیراعظم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا، تاہم اگر رابطہ ہوا تو وزیراعظم اس پر ضرور غور کریں گے۔ البتہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر عمران خان اس ملاقات کو ریاست مخالف بیانیے کے طور پر استعمال کریں گے تو پھر انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دی جائے گی، کیونکہ سیاست میں ایسا کھلاڑی آ گیا ہے جو کسی سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں۔ ملک ریاض کے حوالے سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پاکستان کی کئی بڑی شخصیات نے ملک ریاض سے پلاٹ اور اپارٹمنٹس حاصل کیے ہیں۔ انہوں نے ملک ریاض کی اس بات کی تعریف کی کہ انہوں نے کبھی ان فوائد کا عوامی سطح پر ذکر نہیں کیا۔ وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر نے پنجاب حکومت کی جانب سے 11 ارب روپے کے نئے طیارے کی خریداری کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ عوامی پیسوں سے خریدا گیا ہے اور عوام کا ہی اثاثہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو 40 ارب روپے کی عیدی (ریلیف) دے چکی ہے، اس لیے طیارے سے متعلق پروپیگنڈا بے بنیاد ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ کیا ہم گاڑیاں چھوڑ کر خچر اور گدھے خریدنا شروع کر دیں یا پیدل چلنا شروع کر دیں؟ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے جدید سہولیات ضروری ہیں، اور اگر طیارے کو طویل عرصے تک استعمال کرنا ہے تو جدید ماڈل ہی خریدنا ہوگا۔