اٹلی نے لیگل مائیگریشن کے تحت پاکستانی اسکلڈ ورکرز کو 10 ہزار 500 ویزے دینے کا اعلان کر دیا، جبکہ سفارتی پاسپورٹ پر ویزا استثنیٰ پر بھی اتفاق ہوا۔
روم میں ہونے والی اہم ملاقات کے دوران محسن نقوی اور اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پینٹے ڈوسی کے درمیان دوطرفہ تعاون، سیکیورٹی اور امیگریشن سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اطالوی وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ لیگل مائیگریشن پروگرام کے تحت پاکستانی ہنر مند افراد کو 10 ہزار 500 ویزے جاری کیے جائیں گے تاکہ وہ اٹلی میں قانونی طور پر روزگار حاصل کر سکیں۔
میٹیو پینٹے ڈوسی نے مزید بتایا کہ پاکستانی سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کو ویزا استثنیٰ دینے پر بھی پیش رفت ہوئی ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم قدم ہے۔ ملاقات میں انسانی اسمگلنگ، منشیات کی روک تھام اور دہشتگردی کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر محسن نقوی نے پاکستان کی جانب سے غیر قانونی امیگریشن کے خلاف کیے گئے مؤثر اقدامات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ایئرپورٹس اور سمندری راستوں پر سخت نگرانی سے غیر قانونی نقل و حرکت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ اطالوی وزیر داخلہ نے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں لیگل مائیگریشن اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
0 تبصرے