صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی قیادت دفاعِ وطن کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور بھارت کو کسی غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بے نظیر بھٹو شہید کی 18ویں برسی کے موقع پر گڑھی خدا بخش میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مودی سرکار کو سخت اور واضح پیغام دیا۔ انہوں نے کہا کہ روٹی اور گولی کی بات کرنے والوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ اگر بات دفاع کی آئی تو گولیاں پاکستان چلائے گا۔ صدر زرداری نے کہا کہ بھارت شکر کرے کہ پاکستان کے فیلڈ مارشل اور ایئر چیف نے تحمل کا مظاہرہ کیا، ورنہ بھارت کے تمام جنگی طیارے مار گرائے جا سکتے تھے۔
صدر زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت خود کو بڑی طاقت کہتا ہے، مگر اسے سوچنا ہوگا کہ کیا وہ پاکستان کے صدر، وزیراعظم، آرمی چیف اور ایئر چیف جیسا دل گردہ اور حوصلہ کہاں سے لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو اب اندازہ ہو چکا ہے کہ پاکستان کوئی مذاق نہیں اور اپنا دفاع بخوبی جانتا ہے، جبکہ خود کو دنیا کی بڑی معیشت کہنے والا ملک چار دن کی جنگ بھی برداشت نہ کر سکا۔
اپنے خطاب میں صدر مملکت نے کہا کہ “پاکستان کھپے” کا نعرہ محترمہ بے نظیر بھٹو کا تھا اور اسی نعرے نے ملک کو بچایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ قائم رہے گا اور اگر کسی نے اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اسے یاد رکھنا چاہیے کہ یہاں پیپلز پارٹی، اس کے جیالے اور آصف علی زرداری موجود ہیں۔
صدر زرداری نے کہا کہ پاکستان نے ایسا آرمی چیف مقرر کیا جس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اور دشمن چار دن تک اپنے قدموں پر کھڑا نہ رہ سکا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آئندہ پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو قوم اور افواج مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جب ان کے ملٹری سیکریٹری نے جنگ کے آغاز پر بنکر میں جانے کا مشورہ دیا تو انہوں نے جواب دیا کہ ہم میدان میں مرنے والوں میں ہیں اور کسی دباؤ سے نہیں گھبراتے۔ صدر زرداری نے واضح کیا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، لیکن اگر کوئی ہاتھ ہماری طرف بڑھے گا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
آخر میں صدر مملکت نے کہا کہ ماضی میں ایک غیر ذمہ دار قیادت نے چند سالوں میں پاکستان کے دنیا بھر سے تعلقات خراب کیے، تاہم پیپلز پارٹی ملک کو دوبارہ استحکام اور وقار کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
0 تبصرے