بالی ووڈ میں سیاست اور تعلقات چلتے ہیں، میں ایک جگہ محدود نہیں رہنا چاہتی تھی: پریانکا چوپڑا

بالی ووڈ میں سیاست اور تعلقات چلتے ہیں، میں ایک جگہ محدود نہیں رہنا چاہتی تھی: پریانکا چوپڑا

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انکشاف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا آیا تھا جب انہیں ہندی فلم انڈسٹری میں بہت کم کام مل رہا تھا اور اپنی شناخت برقرار رکھنے کے لیے انہیں ہالی ووڈ کا رخ کرنا پڑا۔ ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے کہا کہ فلم انڈسٹری میں کام کرنا آسان نہیں، یہ سیاست اور تعلقات پر مبنی نظام ہے جہاں کامیابی عارضی ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ سے ہالی ووڈ کا سفر شروع کرنے سے پہلے انہیں محسوس ہو رہا تھا کہ ان کے پاس کام کے محدود مواقع رہ گئے ہیں اور وہ ذہنی، جذباتی اور جسمانی طور پر خود کو محفوظ رکھنے کے لیے نیا راستہ اختیار کرنا چاہتی تھیں۔ پریانکا چوپڑا نے 2012 اور 2013 میں اپنے میوزک کیریئر کے ذریعے ہالی ووڈ میں قدم رکھا اور 2015 میں امریکی سیریز Quantico کے ذریعے انہیں نمایاں کامیابی اور شہرت ملی۔ اداکارہ نے پوڈکاسٹ کے دوران بتایا کہ دو سالہ پاپ اسٹار کا تجربہ ان کے لیے تازہ ہوا کے جھونکے جیسا تھا، جہاں انہوں نے اسٹوڈیو میں Pitbull اور The Chainsmokers جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کیا اور بہت متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندی فلموں میں وہ خود کو محدود محسوس کر رہی تھیں، جبکہ میوزک انڈسٹری نے انہیں نئے مواقع فراہم کیے۔ پریانکا چوپڑا کی نئی فلم The Bluff حال ہی میں پرائم ویڈیو پر ریلیز ہوئی ہے، جس میں وہ ایک سابق سمندری قزاق کا کردار ادا کر رہی ہیں جو اپنی بیٹی کی حفاظت کے لیے ہر حد پار کر جاتی ہے۔