بھارت کے 6 طیارے گرانے والے جنگی طیارے صدر زرداری نے چین سے حاصل کیے، بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگی کامیابی میں استعمال ہونے والے طیارے صدر آصف علی زرداری کے دور میں چین سے حاصل کیے گئے تھے۔

بھارت کے 6 طیارے گرانے والے جنگی طیارے صدر زرداری نے چین سے حاصل کیے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف جنگ میں جن طیاروں نے دشمن کے چھ جنگی جہاز گرائے، وہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری کے دور میں چین سے حاصل کیے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف حاصل کی گئی یہ کامیابی پوری قوم کی مشترکہ جیت ہے۔ گڑھی خدا بخش میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 18ویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ اور ایئر فورس کی کامیابی ایک تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فیلڈ مارشل کا نام سن کر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی عالمی سطح سے غائب ہو جاتا ہے، جبکہ پاکستان کی فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی برتری ثابت کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گڑھی خدا بخش کی قربانیوں کی بدولت پاکستان ایٹمی قوت بنا، میزائل ٹیکنالوجی حاصل کی اور صدر زرداری کے دور میں چین اور پاکستان کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم یا دیگر جماعتوں کے برعکس پیپلز پارٹی نے ہمیشہ وفاق اور صوبوں کو ساتھ لے کر سیاست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 18 سال گزرنے کے باوجود دہشت گردوں اور قاتلوں کے لیے آج کا جلسہ ایک واضح جواب ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آئینی اصلاحات، 27ویں ترمیم اور آئینی عدالت کا قیام عوام اور شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کی تکمیل ہے۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے صوبائی خودمختاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات صوبوں سے چھیننے کے بجائے مزید منتقل کیے جانے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس نظام کو صوبوں کے ساتھ مل کر بہتر بنایا جا سکتا ہے اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی ذمہ داریاں بھی صوبوں کو دی جانی چاہئیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، تاہم عوام کی مشکلات کا ادراک ہے۔ انہوں نے مفاہمت کو سیاسی بحران کے حل کا واحد راستہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بے نظیر بھٹو کا آخری پیغام بھی مفاہمت تھا اور آج بھی ملک کو اسی راستے کی ضرورت ہے۔ جلسے سے خطاب میں بلاول بھٹو نے سیاسی انتہا پسندی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات اور اداروں پر حملے سیاست کے دائرے میں نہیں آتے۔ انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد آصف علی زرداری نے “پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر ملک کو ٹوٹنے سے بچایا۔ تقریب میں قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق، حکومتی وفد اور مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ جلسے کے موقع پر ساڑھے آٹھ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے جبکہ کارکنوں کے لیے وسیع پنڈال اور کھانے کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ بے نظیر بھٹو نے آئین، پارلیمان اور عوام کے ووٹ کے حق کے لیے جدوجہد کی، اور ان کی زندگی نوجوانوں کے لیے انصاف، اتحاد اور پُرامن جدوجہد کا پیغام ہے۔