قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ہنگامی اقدام، اہلکاروں کو نکلنے کی ہدایت

امریکا۔ایران کشیدگی کے تناظر میں قطر کے العدید ایئر بیس سے کچھ امریکی اہلکاروں کو نکالنے کا فیصلہ۔

قطر میں امریکی فوجی اڈے پر ہنگامی اقدام، اہلکاروں کو نکلنے کی ہدایت

خبر ایجنسی کے مطابق قطر میں واقع امریکی فوجی اڈے العدید سے بعض اہلکاروں کو فوری طور پر نکلنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ تین سفارتی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ اقدام خطے میں بڑھتی ہوئی سیکیورٹی تشویش کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے، تاہم دوحہ میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔ یاد رہے کہ جون میں ایران پر امریکی فضائی حملوں سے قبل بھی مشرق وسطیٰ میں قائم امریکی اڈوں سے کچھ اہلکاروں کو عارضی طور پر ہٹا لیا گیا تھا۔ العدید ایئر بیس مشرق وسطیٰ میں امریکا کا سب سے بڑا فوجی اڈہ ہے جہاں 10 ہزار سے زائد امریکی فوجی تعینات ہیں۔ دوسری جانب قطر نے واضح طور پر خبردار کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی بھی ممکنہ فوجی تصادم کے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر سنگین اور تباہ کن اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، جو صورتحال کی حساسیت کو مزید اجاگر کرتا ہے۔