بھارتی ریاست بہار میں شادی کی تقریب رس گلے ختم ہونے پر دلہا اور دلہن کے گھر والوں کے جھگڑے کے باعث میدان جنگ میں تبدیل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بہار کے ضلع بودھ گیا میں ہونے والی ایک شادی کی تقریب اُس وقت شدید بدنظمی کا شکار ہوگئی جب دلہا اور دلہن کے اہلِ خانہ کے درمیان رس گلے کی کمی پر تلخ کلامی شروع ہوئی، جو دیکھتے ہی دیکھتے سنگین جھگڑے میں بدل گئی۔
ہوٹل میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں یہ پورا واقعہ ریکارڈ ہو گیا، جس میں دونوں خاندانوں کو ایک دوسرے پر کرسیاں پھینکتے، گھونسوں کا تبادلہ کرتے اور دھکے دیتے ہوئے واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ واقعہ 29 نومبر کو اُس ہوٹل میں پیش آیا جہاں دلہن کا خاندان بھی قیام پذیر تھا۔
اطلاعات کے مطابق ابتدائی رسومات کے بعد دلہا اور دلہن منڈپ کی طرف جا رہے تھے کہ اچانک رس گلے ختم ہونے پر تنازع شروع ہوا۔ صورتحال اتنی بگڑ گئی کہ شادی کی تقریب شدید افراتفری کا شکار ہو گئی۔
جھگڑے کے بعد دلہن کے اہل خانہ نے دلہا کے خاندان کے خلاف جہیز کا مقدمہ درج کرا دیا۔
تاحال کسی گرفتاری کی اطلاع نہیں ملی جبکہ پولیس نے بھی ابھی تک واقعے پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔
0 تبصرے