اداکارہ حمیرا کی تدفین لاہور میں کر دی گئی

اداکارہ حمیرا کی تدفین لاہور میں کر دی گئی

کراچی: کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے مردہ حالت میں ملنے والی ماڈل اور اداکارہ حمیرا اصغر کو لاہور میں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی تدفین لاہور کے پنڈی راجپوتاں قبرستان میں کی گئی۔ یاد رہے کہ 8 جولائی کو اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی۔ وہ گزشتہ سات برسوں سے اس کرائے کے فلیٹ میں رہائش پذیر تھیں اور 2018ء میں لاہور سے کراچی منتقل ہوئی تھیں۔ حمیرا اصغر گزشتہ سات سالوں سے اکیلی اس فلیٹ میں رہ رہی تھیں۔ انہوں نے یہ فلیٹ 2018ء میں کرائے پر لیا تھا جبکہ 2024ء سے وہ فلیٹ کا کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ میں گھر کے مالک نے ان کے خلاف کیس دائر کر رکھا تھا۔ بیلف جب نوٹس دینے آیا اور دروازہ بند پایا تو دروازہ نہ کھلنے پر توڑا گیا، جس کے بعد کمرے کے فرش پر عورت کی سڑی گلی لاش ملی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکارہ کی لاش کو 8 سے 10 ماہ گزر چکے تھے۔ ان کے جسم کی کوئی ہڈی ٹوٹی ہوئی نہیں پائی گئی۔ اداکارہ کے بال اور قمیض کے ٹکڑے کیمیکل تجزیے کے لیے بھیجے گئے تھے جبکہ لاش کے نچلے حصے کا گوشت مکمل طور پر گل سڑ چکا تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاش مکمل گلنے سڑنے کے آخری مرحلے میں تھی اور اس پر کیڑے بھی لگ چکے تھے۔ گزشتہ روز اداکارہ حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر اور دیگر رشتہ داروں نے کراچی میں ایک فلاحی ادارے کے سرد خانے سے لاش وصول کی اور اسی دن لاہور روانہ ہو گئے تھے۔