ژوب / اسلام آباد (ویب ڈیسک): بلوچستان کے ضلع ژوب میں مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر کارروائی کرتے ہوئے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 بے گناہ مسافروں کو بس سے اتار کر قتل کر دیا۔
مقامی حکام کے مطابق، یہ افسوسناک واقعہ کوئٹہ سے ڈیرہ غازی خان جانے والی قومی شاہراہ پر سرا ڈھاکئی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں مسلح افراد نے ناکہ بندی کر کے دو مختلف مسافر بسوں سے شناختی کارڈ چیک کیے اور پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 مسافروں کو بس سے اتار کر گولیاں مار دیں۔
ڈیرہ غازی خان کی انتظامیہ نے مقتول 9 افراد کی لاشیں وصول کر لیں۔
کمشنر ڈی جی خان اشفاق احمد کے مطابق، یہ لاشیں بلوچستان اور پنجاب کی سرحد کے قریب ملی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پولیٹیکل اسسٹنٹ اسد چانڈیو کے ذریعے باواٹہ کے سرحدی علاقے سے لاشیں وصول کی گئیں، جس کے بعد انہیں ان کے آبائی علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا۔
انتظامیہ کے مطابق، تمام مقتول مسافر پنجاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر ژوب نوید عالم کے مطابق، قتل ہونے والوں میں دو سگے بھائی عثمان نزیر اور جابر نزیر شامل تھے، جو اپنے والد کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے لیے پنجاب کے دنیاپور جا رہے تھے۔
قتل ہونے والے دیگر مسافروں میں:
محمد عرفان (ڈی جی خان)
صابر (گوجرانوالہ)
محمد آصف (مظفر گڑھ)
غلام سعید (خانیوال)
محمد جنید (لاہور)
محمد بلال (اٹک)
بلاول (گجرات) شامل تھے۔
حملے میں بچ جانے والے ایک مسافر نے بتایا کہ حملہ آور بس میں سوار لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کر رہے تھے اور مخصوص افراد کو ہی نشانہ بنایا گیا۔
0 تبصرے