کراچی میں بڑے زلزلے کی پیشگوئی پر چیف میٹرولوجسٹ کا ردعمل آ گیا

کراچی میں بڑے زلزلے کی پیشگوئی پر چیف میٹرولوجسٹ کا ردعمل آ گیا

کراچی ): کراچی میں ایک نجی ادارے کی جانب سے ممکنہ بڑے زلزلے کی پیشگوئی کے بعد چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر نے اپنا مؤقف پیش کر دیا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارتھ کوئیک نیوز اینڈ ریسرچ سینٹر کے سی ای او محمد شہباز لغاری نے کہا تھا کہ کراچی میں حالیہ زلزلے کے جھٹکوں کو نظرانداز نہ کیا جائے، کیونکہ جمعرات کی رات سے ہفتے کی رات تک مزید شدید زلزلے آ سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ چھوٹے زلزلے، بڑے زلزلے کے امکانات کو کم کر سکتے ہیں۔ اس پیشگوئی پر ردعمل دیتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا میں کوئی بھی ایسی ٹیکنالوجی موجود نہیں جو زلزلوں کی درست پیشگی اطلاع دے سکے، حتیٰ کہ جاپان جیسے ترقی یافتہ ملک میں بھی اس قسم کی پیشگوئیاں عام افراد نہیں کرتے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کراچی میں تاریخی طور پر 5.5 سے 5.8 شدت کے زلزلے آتے رہے ہیں، اور یہ اکثر معمولی سے درمیانے درجے کے زلزلے ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ زلزلے لانڈھی فالٹ لائن کے متحرک ہونے کی وجہ سے آ رہے ہیں، اور یہ معمولی جھٹکے ہیں۔ چیف میٹرولوجسٹ نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں روزانہ لاکھوں اس نوعیت کے زلزلے آتے ہیں، اور لانڈھی فالٹ لائن اس وقت ایڈجسٹمنٹ کے مرحلے سے گزر رہی ہے، اس لیے آئندہ ایک ہفتے کے دوران معمولی جھٹکوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔