اس سلسلے میں پہلا سینٹر کراچی پریس کلب میں قائم کیا جائے گا،ہم خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک قدم آگے بڑھ کر سوچتے ہیں،صوبائی وزیر ترقی نسواں
کراچی: سندھ کی وزیر برائے ترقیِ نسواں شاہینہ شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبہ بھر میں 150سے زائد ڈے کیئر سینٹر ز بنانے جارہی ہے ۔اس سلسلے میں پہلا سینٹر کراچی پریس کلب میں قائم کیا جائے گا ۔ ہم خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک قدم آگے بڑھ کر سوچتے ہیں، تاکہ وہ ہر میدان میں بلا خوف و خطر ترقی کر سکیں۔صوبائی وزیر ترقیِ نسواں، شاہینہ شیر علی، نے جمعرات کو کراچی پریس کلب کا دورہ کیا اور نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد پیش کی۔ کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری سہیل افضل خان، نائب صدر ارشاد کھوکھر، ممبران گورننگ باڈی حفیظ بلوچ اور مونا صدیقی نے صوبائی وزیر شاہینہ شیر علی کو کراچی کلب آمد پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ترقی نسواں شاہینہ شیر علی نے کہا کہ ورکنگ وومن کو بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اور ان کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ کراچی یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات میں ڈے کیئر سینٹرز قائم کیے جا چکے ہیں، اور اب ہم پریس کلب میں بھی یہ سہولت فراہم کریں گے تاکہ خواتین صحافی اپنے بچوں کے حوالے سے فکرمند نہ ہوں-شاہینہ شیر علی نے بتایا کہ حکومت ان خواتین کے لیے بھی کام کر رہی ہے جو کسی غلطی یا قانونی پیچیدگی کے سبب جیلوں میں ہیں۔ انہوں نے کہا، "جو خواتین جیلوں میں ہیں، انہیں قانونی مدد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ وہ مائیں جو اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ قید ہیں، ان کے لیے جیل میں ڈے کیئر سینٹرز بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، محکمہ تعلیم کے تعاون سے ان بچوں کے لیے اسکول قائم کیے جائیں گے تاکہ ان کا تعلیمی سلسلہ متاثر نہ ہو۔انہوں نے دارالامان میں رہائش پذیر خواتین کے حوالے سے کہا کہ وہاں مختلف فنی کورسز کرائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پیروں پر کھڑی ہو سکیں۔ انہوں نے خواتیں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی شکایت ہو تو وہ شکایتی مرکز پر رابطہ کریں، جہاں ان کے مسائل فوری حل کیے جائیں گے۔صوبائی وزیر نے خواتین کی سفری مشکلات کے پیش نظر کہا کہ سندھ حکومت جلد ہی خواتین کے لیے "پنک ٹیکسی" سروس متعارف کرانے جا رہی ہے اور یہ سروس خواتین کے لیے نہ صرف محفوظ سفر کو یقینی بنائے گی بلکہ انہیں خود مختاری بھی فراہم کرے گی -شاہینہ شیر علی نے کہا کہ سندھ حکومت خواتین کو بہتر زندگی فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ہر ممکن سہولت دینے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا، "ہم خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے ایک قدم آگے بڑھ کر سوچتے ہیں، تاکہ وہ ہر میدان میں بلا خوف و خطر ترقی کر سکیں۔"کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی اور سیکریٹری سہیل افضل خان اور گورننگ باڈی ممبر مونا صدیقی نے صوبائی وزیر ترقی نسواں شاہینہ شیر علی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خواتین کی ترقی اور فلاح کے لیے مزید مثبت پالیسیوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔انہوںنے بتایا کہ کراچی پریس کلب میں خواتین ممبران کی تعداد ملک کے کسی بھی پریس کلب سے زیادہ ہے اور خواتین ممبران کے لیے وومن کمپلیکس بھی تعمیر کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین شعبہ صحافت میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہیں ۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں کراچی پریس کلب کی جانب سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جاتا ہے ۔تقریب کے اختتام پر معزز مہمان کو کراچی پریس کلب کے عہدیداران کی جانب سے اجرک کا تحفہ پیش کیا گیا ۔
0 تبصرے