انڈونیشیا، پاکستان کے مابین 10.70 ملین ڈالر کے معاہدے طے پا گئے، تیگو ویویکو، قونصل جنرل
پاکستان اور انڈونیشیا کے شراکت داروں کے مابین 10.70 ملین امریکی ڈالر کے دوطرفہ تعاون کے معاہدے طے پائے ہیں جس کا مقصد باہمی تجارت و تعلقات کو فروغ دیناہے۔ انڈونیشیا میں منعقدہ 39 ویں ٹریڈ ایکسپو اور فرسٹ انڈونیشین ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشیاء بزنس فورم(آئی این اے ایس سی اے) کے موقع پر معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ معاہدوں میں کھوپرا، گم کوپل، کوکو، ڈیسیکیٹڈ کوکونٹ، ادرک اور مصالحہ جات وغیرہ اور تجارتی تعاون کے مختلف شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے اس کے علاوہ کنزیومر گڈز اور آٹو پارٹس کے شعبوں میں بھی معاہدے طے پائے۔کراچی میں انڈونیشیا کے قونصلیٹ جنرل نے تقریباً 25 پاکستانی اور انڈونیشیا کے کاروباری اداروں اور معززین کے اعزاز میں بزنس ڈنر کا اہتمام بھی کیا جس میں پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل (پی آئی بی سی) کے چیئرمین عابد نثار اور صدر پی آئی بی ایف شمعون ذکی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور ٹریڈ ایکسپو میں پاکستانی تجارتی وفد کو سہولیات کی فراہمی پر قونصلیٹ جنرل سمیت حکومت انڈونیشیا کا شکریہ ادا کیا۔انڈونیشیا کے قائم مقام قونصل جنرل تیگو ویویکو نے پاکستانی تجارتی وفد کی شرکت کو سراہتے ہوئے اس دورے کو انڈونیشیا اور پاکستان کے درمیان بالخصوص صوبہ سندھ کی تاجر برادری کے ساتھ اقتصادی و تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
پاکستان انڈونیشیا بزنس کونسل (پی آئی بی سی) کے چیئرمین عابد نثار کا کہنا تھا کہ دونوں قوموں کے درمیان تعلقات کی جڑیں تاریخ اور ثقافت سے جڑی ہوئی ہیں جو خاص طور پر کاروبار و تجارت سمیت باہمی فوائد کی مضبوط شراکت داری میں پروان چڑھی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ مفاہمت کی یادداشتیں دونوں ملکوں کے لیے باہمی اقتصادی فوائد اور خوشحالی کا باعث بنیں گی۔احمد سیوفیان پی ایچ ڈی قونصل برائے اقتصادی امور نے کہا کہ معاہدے مختلف اسٹیک ہولڈرز کی جانب سے مشترکہ کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں جن میں پرائیویٹ کمپنیاں، مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز اور سرکاری ادارے شامل ہیں۔
تقریب میں انڈونیشین حکومت کی طرف سے قونصل قائمقام قونصل جنرل نے اپیکل پاکستان کے کنٹری ہیڈ نوید گیلانی کو ایوارڈ پیش کیا جو پاکستانی مارکیٹ میں انڈونیشین کروڈ پام آئل کا سب سے بڑا درآمد کنندہ بھی ہیں۔اس سال بزنس ایونٹس کے سلسلے میں جمہوریہ انڈونیشیا کے قونصلیٹ جنرل نے صوبہ سندھ کے تقریباً 25 کاروباری افراد کو سہولت فراہم کی جن میں کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے اراکین شامل تھے۔
0 تبصرے