کل آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس ہے، تمام شرائط پوری کر دی ہیں، جو بہت سخت تھیں
نیویارک (ویب ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کل آئی ایم ایف بورڈ کا اجلاس ہے، تمام شرائط پوری کر دی ہیں، جو بہت سخت تھیں۔
ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کچھ شرائط چین سے متعلق تھیں، چین نے ماضی کی طرح ایک بار پھر ان کا ہاتھ تھام کر ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ چینی قیادت، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے شکر گزار ہیں، ان کے تعاون کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے حکومت اور اداروں نے معاشی چیلنجز کو قبول کیا ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کی اور دونوں رہنماؤں نے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ میں فلسطین کے بارے میں ترک صدر کا خطاب دل کو چھونے والا تھا جس سے انہوں نے ہال میں موجود ہر شخص کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں پاکستان اور ترکی کے برادرانہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا صدر اردوان نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
0 تبصرے