سائٹ کراچی کے صنعتکاروں کا خدمات کے اعتراف میں یونس ڈھاگا کو شاندار خراج تحسین

سائٹ کراچی کے صنعتکاروں کا خدمات کے اعتراف میں یونس ڈھاگا کو شاندار خراج تحسین

سائٹ کراچی کے صنعتکاروں کا خدمات کے اعتراف میں یونس ڈھاگا کو شاندار خراج تحسین

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی نے سابق نگراں وزیر ریونیو، صنعت وتجارت سندھ محمد یونس ڈھاگا کی خدمات کے اعتراف میں استقبالیہ کا اہتمام کیا جس میں انہیں صوبہ سندھ میں صنعتوں کے فروغ کے حوالے سے بے لوث اور قابل قدر خدمات پر شاندار خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب میں ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، سابق صدر جاوید بلوانی، صدر محمد کامران عربی، سینئر نائب صدر محمد حنیف توکل، نائب صدر محمد فرحان اشرفی، عبدالرشید، عبدالقادر بلوانی، حسین موسانی، مرتضیٰ اعجاز سایا، ایگزیکٹیو کے اراکین اور جنرل ممبران نے بھی شرکت کی۔

یونس ڈھاگا نے کہا کہ نگراں حکومت نے محدود مدت کے باوجود سرکاری محکموں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوششیں کیں اور کارکردگی کے معیارات مرتب کیے۔ انہوں نے کہا کہ ای سروسز کا نظام جاری رہنا چاہیے اور اسے تبدیل نہیں کیا جانا چاہیے۔بدقسمتی سے قومی خزانے میں خطیر ریونیو دینے کے باوجود پالیسی سازی میں کراچی کے لیے کوئی بات نہیں کرتا۔انہوں نے صنعتوں کے مسائل کو ریسرچ اینڈ اسٹیٹسٹکس کے تعاون سے اعلیٰ سرکاری حکام کے ساتھ اٹھانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے فریٹ چارجز کے حوالے سے کہا کہ حکومت کو جلد ہی ایک جامع پریزنٹیشن دی جائے گی کیونکہ ملک فریٹ چارجز کی مد میں 3 سے 4 ارب ڈالر سالانہ ادا کر رہا ہے۔سیاسی غیر یقینی صورتحال اور توانائی کی زیادہ قیمت اس وقت دو بڑے چیلنجز ہیں۔اگر ہم ان دو مسائل پر قابو پالیں تو ملک ٹیک آف کی پوزیشن میں آجائے گا۔

قبل ازیں سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر محمد کامران عربی نے معزز مہمان کا پرتباک خیرمقدم کرتے ہوئے بطور نگران وزیر اُن کی کامیابیوں کا تذکرہ کیا۔انہوں نے خاص طور پر تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ کوآرڈینیشن میٹنگز اور ای سروسز شروع کرنے اور صوبے کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس کے لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے صنعت سے متعلق مسائل کے حل کے لیے یونس ڈھاگا کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں میں کام کیا ہے اور اس میں تیزی لائے۔

سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا نے یونس ڈھاگا کے بطور سیکرٹری تجارت، نگراں وزیر صنعت اور دیگر عہدوں پر ان کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے تجویز دی کہ حکومت یونس ڈھاگا کے تجربے، مہارت اور صلاحیتوں سے فائدہ اٹھائے اور انہیں کم از کم ایڈوائزری کی حیثیت سے اعلیٰ سرکاری عہدے پر تعینات کرے کیونکہ یونس ڈھاگا ہمارا اثاثہ ہیں اور انہیں ملک کی خدمت کا موقع دینا چاہیے۔ چیف کوآرڈینیٹر سلیم پاریکھ نے کہا کہ ہم سیٹ پر رہتے ہوئے اچھا کام کرنے والوں کو سراہتے ہوئے مثال قائم کر رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ای سروس پر کام سست ہوگیا ہے لیکن یہ بہرحال جاری رہے گا۔انہوں نے یونس ڈھاگا سے درخواست کی کہ وہ حکومت کے سامنے کراچی کی صنعت کی مثبت تصویر پیش کرنے میں مدد کریں اور سائٹ لمیٹڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے بارے میں رہنمائی بھی کریں۔ سابق صدر جاوید بلوانی نے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا کے خیالات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ان کی زیر نگرانی کام کرنے والا تھنک ٹینک ملک کے لیے سود مند ثابت ہوگا جس سے حکومت کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔