سونیا شمروز خیبرپختونخوا کی پہلی خاتون اے آئی جی بن گئیں
پشاور (ویب ڈیسک) انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف ویمن پولیس ایوارڈ حاصل کرنے والی واحد مسلمان خاتون سونیا شمروز کو خیبرپختونخوا کی تاریخ میں پہلی بار اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل آف پولیس (اے آئی جی) اسٹیبلشمنٹ تعینات کر دیا گیا۔
ضلع ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی سونیا شمروز نے بطور ڈی پی او چترال اور ڈی پی او بٹگرام 2013 میں پولیس سروس جوائن کی تھی۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سونیا نے کہا کہ اب انہیں بڑی ذمہ داری ملی ہے، صوبے میں خواتین افسران کو مرد افسران کے مقابلے میں مساوی حقوق دیئے جا رہے ہیں، انہوں نے کبھی کسی عہدے کے لیے سفارش نہیں کی۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں کام کرنے کا ماحول بہتر ہے، ان کی خدمات پر بین الاقوامی اور قومی ایوارڈز ملے، ایوارڈز جبری شادیوں اور خواتین پر تشدد کی روک تھام سے متعلق ہیں۔
اس حوالے سے آئی جی خیبرپختونخوا اختر حیات کا کہنا تھا کہ صوبے میں خواتین پولیس افسران اور اہلکاروں کو خصوصی ترجیح دی جارہی ہے۔
0 تبصرے