ان شاء اللہ اسرائیل جلد نابود ہوگا اور فلسطینی مجاہدین سرخرو ہوں گے،عقیل انجم قادری

لاکھوں رضاکار حماس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جے یوپی

ان شاء اللہ اسرائیل جلد نابود ہوگا اور فلسطینی مجاہدین سرخرو ہوں گے،عقیل انجم قادری

کراچی (وسیم قریشی) قائد جمعیت علمائے پاکستان ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمدزبیر کی ہدایت پر تحریک جہاد الاقصیٰ کے تحت لاکھوں رضاکار حماس کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، حماس نے عزم وحوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے صیہونیت کی جڑوں پر جوابی حملہ کرکے امت مسلمہ کا قرض چکایاہے، ان شاء اللہ اسرائیل جلد نابود ہوگا اور فلسطینی مجاہدین سرخرو ہوں گے،قبلہ اول کی آزادی اور فلسطینی عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا ہر مسلمان پر لازم ہو چکا ہے۔ یہ باتیں جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے زیراہتمام غزہ کے مظلومین کی حمایت میں نکالی گئی ریلی کے اختتام پر کراچی پریس کلب کے سامنے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید عقیل انجم قادری، علامہ قاضی احمدنورانی، علامہ خلیل احمدنورانی، ملک محمدشکیل قاسمی، راؤ عبدالرحمان، ڈاکٹر صابر ابومریم، دربار امام بری سرکار ؒ کے سجادہ نشین پیر سید حیدرعلی گیلانی،پروفیسر حافظ انواراحمدشیخ، صوفی مسرورہاشمی خانی، ولید رضاشہیدی، مولاناعبدالغفار اویسی، صاحبزادہ عبدالغفارچشتی، محترمہ ام محتشم نورانی،ڈاکٹر ولی مصطفائی، سعید احمدبیگ ودیگر نے اپنے خطاب میں کہیں۔مقررین نے مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیاکہ وہ دینی حمیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کو غزہ میں ظلم وستم سے روکیں۔ انہوں نے کہاکہ جب تک امت مسلمہ اپنے مقام کو نہیں پہچانے گی امت کے مسائل حل نہیں ہوں گے اور نہ ہی مسجد اقصیٰ کے دروازے عامۃ المسلمین کے لئے کھلیں گے۔ ان رہنماؤں نے تمام غیور مسلمانوں سے مطالبہ کیاکہ وہ تحریک جہاد الاقصیٰ میں بطوررضاکار اپنے نام درج کروائیں۔ قائدین ریلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا علاج صرف اور صرف جہاد ہے مسلمان جہادکے جذبہ سے سرشار ہو کر جب میدان عمل میں نکلتا ہے تو کفر کی طاغوتی قوتوں کے پیر اکھڑ جاتے ہیں، حماس نے عالمی دہشت گرداسرائیل کے خلاف علم جہاد بلند کرکے ثابت کردیا کہ اللہ کے شیرکسی بھی بڑی سے بڑی طاقت سے خوفزدہ نہیں ہوتے اسرائیل بے پناہ طاقت اور جدید ترین اسلحہ کے باوجود مٹھی بھر بے سروسامان فلسطینیوں کو فتح نہیں کرسکا۔ اللہ کی مدد سے حماس نے اسرائیل کو ناکوں چنے چبوادئیے ہیں، لیکن افسوس کا مقام ہے 57اسلامی ممالک فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم اور اسرائیل کے جنگی جرائم پر مبنی فضائی حملوں اور ہسپتالوں،تعلیمی اداروں اور پناہ گزین کیمپوں پر حملوں پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں اب وقت آگیا ہے کہ وہ خواب غفلت سے بیدار ہوں اور اسرائیل کے خلاف علم جہاد بلند کرتے ہوئے مظلوم فلسطینیوں کی دادرسی کریں جمعیت علماء پاکستان نے رضاکار بھرتی مہم شروع کردی ہے آج نوجوانوں نے تحریک جہاد الاقصیٰ کے اس عظیم مشن میں جذبہ جہاد اور شوق شہادت کے ساتھ میدان عمل میں نکلنے کا اعلان کردیا ہے حکومت ان مجاہدین کیلئے سہولتیں فراہم کرے۔ریلی میں جے یوپی رہنماقاری شمیم الدین،قاری قاضی محمدادریس قادری،جمیل احمدخان، علامہ ریحان غوری شاذلی،سمیع شیخ،عبدالوحید یونس، بزم محبان اعلیٰ حضرت کے سربراہ وسیم رضاعطاری،ڈاکٹریامین قریشی، سماجی رہنماشازیہ ریحان، احمد بن عبداللہ، مفتی طاہر عباس سمیت علماء مشائخ ورہنماؤں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔