شکارپور میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن آج، کنٹرول رومز فعال

پی ایس-9 شکارپور میں ضمنی الیکشن آج منعقد ہو رہا ہے، الیکشن کمیشن نے شفاف اور منصفانہ پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی مانیٹرنگ اور کنٹرول سسٹم فعال کر دیا ہے۔

شکارپور میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی الیکشن آج، کنٹرول رومز فعال

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) — سندھ کے ضلع شکارپور میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی ایس-9 پر ضمنی الیکشن آج ہوگا، جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ عوام کی سہولت اور انتخابی عمل کی مؤثر نگرانی کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سینٹر قائم کر دیا گیا ہے، جہاں ووٹرز الیکشن سے متعلق معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی شکایات بھی درج کروا سکیں گے۔ کنٹرول سینٹر میں تعینات تربیت یافتہ عملہ شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنائے گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق شفافیت برقرار رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے شکایات کے اندراج اور حل کے لیے چار سطحی کنٹرول سسٹم قائم کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت اسلام آباد میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز فعال رہیں گے، جو پولنگ کے دوران مسلسل رابطے میں ہوں گے۔ الیکشن کمیشن نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا خوف و خطر اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں اور کسی بھی بے ضابطگی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ کنٹرول روم سے رابطہ کریں۔