کوئٹہ: کوئلے کی کان میں حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل، 34 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں

کوئٹہ: کوئلے کی کان میں حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل، 34 مزدوروں کی لاشیں نکال لی گئیں

کوئٹہ (ویب ڈیسک): کوئٹہ کے قریب سورینج کول فیلڈ میں کوئلے کی کان میں ہونے والے المناک دھماکے کے بعد جاری ریسکیو آپریشن تقریباً 45 گھنٹوں کے بعد مکمل کر لیا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے کان سے مزید دو مزدوروں کی لاشیں نکال کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد ان کے آبائی ضلع شانگلہ روانہ کر دیں۔ اس دل خراش حادثے میں ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوئے، جن میں تین سگے بھائی بھی شامل ہیں۔ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد کان کو سیل کر دیا گیا ہے۔ جاں بحق ہونے والے تمام مزدوروں کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی ہیں، جن میں سے 31 کا تعلق ضلع شانگلہ جبکہ 3 کا تعلق ضلع صوابی سے تھا۔ محکمۂ مائنز کے حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے قائم کی گئی انکوائری کمیٹی جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ سورینج کی کوئلے کی کان میں ہونے والے اس دھماکے نے کئی خاندانوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے ترجیحی بنیادوں پر مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں کان کن مزدور اس نوعیت کے ناقابلِ تلافی سانحات سے محفوظ رہ سکیں۔