قلات: بلوچستان کے ضلع قلات میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، جبکہ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق خیل کے قریب پیش آنے والے واقعے میں ستار عزیز ولد بابو عبدالعزیز قوم نیچاری، جو مقامی رہائشی تھے، فائرنگ کا نشانہ بنے اور موقع پر دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے ستار عزیز، اقبال عزیز اور طارق عزیز نیچاری کے بھائی بتائے جاتے ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی لاش کو ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد میت ورثاء کے حوالے کردی گئی۔
دوسری جانب مشتعل لواحقین نے خواتین اور بچوں کے ہمراہ میت کو این-25 کوئٹہ-کراچی قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج شروع کردیا، جس کے باعث دونوں اطراف ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے، بصورت دیگر احتجاج جاری رکھا جائے گا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
0 تبصرے