پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے سے متعلق بھارتی بیان مسترد کر دیا

پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر حملے سے متعلق بھارتی بیان مسترد کر دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک): پاکستان نے افغانستان میں دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانوں پر حملے سے متعلق بھارت کے بیان کو بے بنیاد اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے بھارتی وزارتِ خارجہ کے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارت طویل عرصے سے پاکستان کے خلاف افغان سرزمین سے سرگرم دہشت گرد گروہوں کی سرپرستی کرتا رہا ہے اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی پابندیوں کے نظام کی بھی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ دفترِ خارجہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے خلاف بے بنیاد اور مضحکہ خیز الزامات وہ ملک عائد کر رہا ہے جو خود مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو مسلسل دبا رہا ہے، جو اقوامِ متحدہ کے چارٹر کی بھی خلاف ورزی ہے۔ ترجمان دفترِ خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت مسلسل خطے کے امن و استحکام میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کا کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ پاکستان اپنے شہریوں کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے مناسب اقدامات کرتا رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔