گجرات، چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اپنی ریکارڈ ترسیلاتِ زر اور سرمایہ کاری کے ذریعے پاکستان کی معیشت کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان کی وطن سے محبت اور وابستگی قابلِ تحسین ہے، کیونکہ وہ بیرونِ ملک محنت کرتے ہیں لیکن اپنی کمائی پاکستان بھیج کر قومی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھرپور حصہ ڈالتے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار “پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (Foreign Direct Investment) پر کانفرنس” سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جو 25 جولائی 2026 کو گجرات میں منعقد ہوئی۔ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر نے حکومتِ پاکستان پر زور دیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے ون ونڈو آپریشن کا مؤثر نظام قائم کیا جائے، تاکہ سرمایہ کاروں کو این او سی (NOC) اور دیگر قانونی و انتظامی تقاضے ایک ہی پلیٹ فارم پر پورے کرنے کی سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وزارتوں اور سرکاری اداروں کے چکر لگانے اور طویل دفتری کارروائیوں کی وجہ سے اوورسیز پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ ون ونڈو نظام ان مسائل کا مؤثر حل ثابت ہو سکتا ہے اور مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال اوورسیز پاکستانیوں نے 38 ارب امریکی ڈالر کی ترسیلاتِ زر پاکستان بھیجیں، جبکہ رواں سال یہ حجم بڑھ کر 42 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ گیا ہے، جو ملکی تاریخ کا ایک نیا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اوورسیز پاکستانیوں کے اپنے وطن پر اعتماد اور بے مثال محبت کا مظہر ہے۔ڈاکٹر لوہسر نے کہا کہ ضلع گجرات پاکستان کا ایک نمایاں ضلع ہے جہاں سے بڑی تعداد میں لوگ بیرونِ ملک مقیم ہیں۔ یہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف کثیر زرِ مبادلہ وطن بھیج رہے ہیں بلکہ پاکستان میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔کانفرنس کے مہمانِ خصوصی میجر جنرل دلاور خان، ڈائریکٹر جنرل ویلفیئر اینڈ ری ہیبلیٹیشن (W&R) تھے۔ اس موقع پر خالد اصغر گھرال سمیت دنیا کے 50 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے اوورسیز پاکستانیوں نے شرکت کی۔کانفرنس میں گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداران و اراکین، گجرات پریس کلب کے نمائندگان، کاروباری شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی.
0 تبصرے