”آبنائے ہرمز کو غیر محفوظ بنایا گیا تو پورے خطے کو جہنم بنا دیں گے“ ایران کا ٹرمپ کی دھمکی آمیز بیان پر ردِعمل

”آبنائے ہرمز کو غیر محفوظ بنایا گیا تو پورے خطے کو جہنم بنا دیں گے“ ایران کا ٹرمپ کی دھمکی آمیز بیان پر ردِعمل

تہران (ویب ڈیسک) خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ایرانی حکام اور قیادت کی جانب سے سخت بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ پاسدارانِ انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی نے خبردار کیا ہے کہ اگر آبنائے ہرمز کو غیر محفوظ بنانے کی کوشش کی گئی تو ایران پورے خطے کو جہنم بنا دے گا۔ اس کے علاوہ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق، عمانی سمندر میں ایک ایرانی مال بردار کشتی کو امریکی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے، ضلع سیرک کے گورنر رضا شاہیدیان نے تصدیق کی ہے کہ کشتی کے عملے کو بچا لیا گیا ہے۔ گورنر کے مطابق، 150 ٹن وزنی کشتی خصب سے سیرک جا رہی تھی کہ اسے خصب سے 5 بحری میل کے فاصلے پر نشانہ بنایا گیا، عملے کے 5 ارکان کو عمان منتقل کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ایرانی نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دھمکیوں کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ امریکہ کو جارحیت کا سخت اور تکلیف دہ جواب دیا جائے گا۔ یاد رہے کہ امریکی صدر نے آج ایک بار پھر ایران پر حملوں کا اعلان کرتے ہوئے ایران کے تیل اور گیس کے انفراسٹرکچر پر قبضہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اس حوالے سے ایرانی نیشنل سیکیورٹی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے ترجمان ابراہیم رضائی کا کہنا ہے کہ عظیم ایرانی قوم کسی کے سامنے جھکنے والی نہیں، امریکی صدر ٹرمپ کے پاس ہتھیار ڈالنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں بچا۔