نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارت نے پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر کے ذکر کو ”مسترد“ کرتے ہوئے اسے اپنے ملک کا ”اندرونی معاملہ“ قرار دیا ہے۔
منگل کے روز بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ایک پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ ”ہم مشترکہ اعلامیے میں جموں و کشمیر جیسے بھارت کے اندرونی معاملات سے متعلق غیر ضروری حوالوں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہیں۔“
بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ”جموں و کشمیر اور لداخ بھارت کے اٹوٹ حصے ہیں۔“
واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے نائب وزیرِاعظم اور وزیرِخارجہ اسحاق ڈار کی یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس سے ملاقات ہوئی تھی، جس کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا گیا تھا۔
اس اعلامیے میں جموں و کشمیر کا بھی ذکر کیا گیا تھا۔ اجلاس میں ”پاکستان نے جموں و کشمیر کے معاملے پر بریفنگ دی، جبکہ یورپی یونین نے یوکرین کے خلاف روس کی جنگ کے بارے میں بریفنگ دی، فریقین نے مذاکرات، سفارتکاری اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مطابق ان تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت کا اظہار کیا۔“
پاکستان اور یورپی یونین کے مشترکہ اعلامیے کے اس حصے پر تنقید کرتے ہوئے بھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ ”جو لوگ یا فریق ایسے معاملات میں کوئی قانونی حیثیت نہیں رکھتے، انہیں اس بارے میں تبصرہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔“
0 تبصرے