سانگھڑ میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی قتل، تین ملزمان گرفتار، شازیہ مری کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت

سانگھڑ میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی قتل، تین ملزمان گرفتار، شازیہ مری کی جانب سے واقعے کی شدید مذمت

سانگھڑ (حسنین عاشق ساند) سانگھڑ کے علاقے چک نمبر 81 مانگ میں غیرت کے نام پر نوجوان لڑکی کے قتل کرنے کا افسوسناک واقعہ۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو مبینہ طور پر غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، جس کے بعد لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتولہ کے بھائی خمیسو کندانی، سسر فرید ابڑو اور ثالث احمد شاہ کو گرفتار کرلیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ابتدائی تفتیش کے مطابق مقتولہ کی شادی پندرہ روز قبل نوشکی کے رہائشی علی نواز ابڑو سے ہوئی تھی، جبکہ اسے دو روز قبل بلوچستان سے واپس لایا گیا تھا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ایم این اے شازیہ مری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کا مقدمہ ریاست کی مدعیت میں درج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں ملوث تمام ملزمان کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا اور غیرت کے نام پر معصوم بچیوں کا قتل کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ شازیہ مری نے مزید کہا کہ فرسودہ ذہنیت کے نام پر انسانی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جبکہ بعض اوقات ذاتی رنجشوں میں بھی عورت کو جواز بنا کر قتل کیا جاتا ہے۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ شفاف تحقیقات کرکے مضبوط مقدمہ تیار کیا جائے تاکہ ملزمان قانون کے مطابق انجام تک پہنچ سکیں۔