ایکس کے ذریعے پیسے کمانے کے مواقع، طریقہ جانئے

ایکس کے ذریعے پیسے کمانے کے مواقع، طریقہ جانئے

دنیا کی معروف سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) کی جانب سے صارفین کو کمانے کے نئے مواقع فراہم کیے گئے ہیں۔ کمپنی نے کریئیٹر سبسکرپشنز سے متعلق چند نئے فیچرز متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے فیچرز میں “ایکسکلوسیو تھریڈز” بھی شامل ہے، جو بنیادی طور پر سبسکرپشن پے وال ہے۔ اس کے علاوہ نیا ڈیش بورڈ اور شیئر ایبل سبسکرپشن کارڈز سمیت دیگر فیچرز بھی صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ ان نئے فیچرز کے ذریعے تخلیق کار زیادہ لوگوں کی توجہ حاصل کر سکیں گے اور انہیں اضافی آمدنی بھی حاصل ہوگی۔ ایکس کی جانب سے حال ہی میں “پیڈ پارٹنرشپ لیبل” نامی فیچر بھی متعارف کرایا گیا تھا، جو ایسی پوسٹس پر لاگو ہوتا ہے جن میں موجود مواد اسپانسرڈ ہوتا ہے۔ نئے فیچرز میں سب سے اہم “ایکسکلوسیو تھریڈز” ہے، جس کے ذریعے صارفین براہ راست ایکس پر اپنی پوسٹس سے آمدنی حاصل کر سکیں گے۔ واضح رہے کہ یہ بنیادی طور پر ٹیزر پوسٹس ہوتی ہیں، جو لوگوں کو سبسکرپشن لینے کی ترغیب دیتی ہیں، جبکہ اصل مواد صرف سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوتا ہے۔ یاد رہے کہ ایکس کی جانب سے کریئیٹر ریونیو شیئرنگ پروگرام 2023 میں عالمی سطح پر متعارف کرایا گیا تھا، جس کے ذریعے صارفین اپنی مقبول پوسٹس سے آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔