اگر ایران پر حملہ نہ کرتے تو اس کے پاس جلد ایٹم بم ہوتا، پاگل لوگوں کے پاس جوہری ہتھیار ہوں تو حالات بگڑ جاتے ہیں: ٹرمپ

اگر ایران پر حملہ نہ کرتے تو اس کے پاس جلد ایٹم بم ہوتا، پاگل لوگوں کے پاس جوہری ہتھیار ہوں تو حالات بگڑ جاتے ہیں: ٹرمپ

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قیادت کو تیزی سے ختم کیا جا رہا ہے اور ایران میں جو بھی لیڈر بننے کی کوشش کرے گا اسے مار دیا جائے گا۔ امریکی صدر نے راؤنڈ ٹیبل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے معاملے میں ہم بہت مضبوط پوزیشن میں ہیں، ایران کے میزائلوں اور لانچرز کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جنگی محاذ پر بہت اچھا کر رہے ہیں اور صورتحال توقع سے بھی بہتر ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ اگر ہم ایران پر حملہ نہ کرتے تو ایران ہم پر حملہ کر دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی حملے سے پہلے ہم نے ایران پر حملہ کیا، اگر ایران پر حملہ نہ کیا جاتا تو جلد ایران کے پاس ایٹم بم ہوتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران اپنے پڑوسیوں اور اتحادی ممالک کو نشانہ بنا رہا ہے، جب پاگل لوگوں کے پاس جوہری ہتھیار ہوں تو خراب حالات پیدا ہوتے ہیں، ہم نے ایران میں 47 سال سے جاری قتل و غارت کو روک دیا ہے۔ امریکی صدر نے سابق صدر اوباما کے ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ دوسری جانب وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ امریکی صدر کا خیال ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کے معاملے پر انہیں امریکی عوام کی حمایت حاصل ہے، جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ اسپین امریکی فوج کے ساتھ تعاون پر آمادہ ہے۔