حکومت نے افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن ’’غضب لِلحق‘‘ کی تفصیلات جاری کر دیں

حکومت نے افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن ’’غضب لِلحق‘‘ کی تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وفاقی وزیرِ اطلاعات Attaullah Tarar نے افغان طالبان کے خلاف جاری آپریشن ’’غضب لِلحق‘‘ کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں ہونے والی جھڑپوں اور کارروائیوں سے آگاہ کیا ہے۔ عطا اللہ تارڑ کے مطابق افغان طالبان نے شمالی بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ، نوشکی اور چمن اضلاع میں 16 مختلف مقامات پر زمینی حملے کیے۔ مزید یہ کہ بلوچستان میں 25 مقامات پر پاک فوج کے خلاف فائر ریڈ کی کارروائیاں کی گئیں، تاہم سیکیورٹی فورسز نے تمام حملوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنا دیا۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 27 کارندے مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے، جبکہ وطن کا دفاع کرتے ہوئے ایف سی بلوچستان نارتھ کا ایک جوان شہید اور پانچ اہلکار زخمی ہوئے۔ وزیرِ اطلاعات کے مطابق خیبرپختونخوا میں بھی ایک مقام پر زمینی حملے کی کوشش کی گئی اور صوبے کے 12 مقامات پر فائر ریڈ کیے گئے، جنہیں بغیر کسی جانی نقصان کے ناکام بنا دیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں رات بھر جاری رہنے والی کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کے 40 جنگجو ہلاک کیے گئے۔