حیدرآباد: سافکو گروپ کے بانی، ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو کی سالگرہ عالمی حالات، خصوصاً ایران اور لبنان میں معصوم شہریوں کے قتل کے باعث سادگی سے منائی گئی۔ سافکو ہیڈ آفس حیدرآباد میں منعقدہ ایک سادہ مگر پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ آج انسانیت تاریخ کے ایک نازک دور سے گزر رہی ہے، جہاں عالمی امن اور انصاف کے ادارے جابر قوتوں کے سامنے بے بس ہو چکے ہیں۔ غزہ، ایران اور لبنان میں ہزاروں بے گناہ افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور لاکھوں بے گھر ہو گئے ہیں، جبکہ یہ سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں وحشیانہ بمباری کے نتیجے میں اعلیٰ شخصیات سمیت ہزاروں افراد شہید ہوئے، جن میں 165 بچے مناب اسکول میں شہید ہوئے۔ اسی طرح لبنان میں بھی یہ ظلم جاری ہے، جبکہ فلسطینی بچوں کا المیہ بھی پوری دنیا کے سامنے ہے۔ ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو نے کہا کہ اسلحے کے عالمی تاجر انسانیت کو خون کے آنسو رلا رہے ہیں۔ ایسے حالات میں یورپ میں بھی بیداری پیدا ہو رہی ہے، لہٰذا اسلامی ممالک اور ان کی ہم خیال طاقتوں خصوصاً روس، چین، اسپین، فرانس اور اٹلی جیسے ممالک کو مل کر دنیا میں امن و سلامتی کی ضمانت کے لیے ایک مشترکہ حکمتِ عملی مرتب کرنا ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک ایسا مضبوط اور مؤثر فورم قائم کرنے کی ضرورت ہے جو عالمی سلامتی کے فروغ میں فعال کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے سالگرہ کی تقریب کے انعقاد پر سافکو گروپ کے اعلیٰ عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دنیا سے جلد بدامنی اور بے اعتمادی کا خاتمہ ہوگا اور لوگ اپنی خوشیاں دل سے منا سکیں گے۔ اس سے قبل سافکو بورڈ کے ڈائریکٹر، پروفیسر ڈاکٹر محمد اسماعیل کنبھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ سلیمان جی ابڑو جیسے لوگ دنیا میں کم ہی ہوتے ہیں، جن میں سچائی، ہمدردی، خودسپردگی کا جذبہ اور سادگی یکجا ہو، اور جو دوسروں کے مسائل کو سمجھ کر ان کے حل کے لیے راستہ نکالیں، رہنمائی کریں اور خود بھی عملی جدوجہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے انہیں کبھی جذباتی ہوتے نہیں دیکھا۔ ان میں لوگوں سے مسکرا کر ملنے، ان کے مسائل حل کرنے، ان کا ساتھ دینے، افراد کو تیار کرنے اور آگے بڑھانے جیسی عالمی سطح کی خوبیاں موجود ہیں۔ یہ محض ایک فرد نہیں بلکہ ایک ادارہ ہیں، اور ہم ان کی شفقت و رہنمائی میں بہت کچھ سیکھتے رہتے ہیں۔ سافکو مائیکرو فنانس کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر، سید سجاد علی شاہ نے کہا کہ ڈاکٹر سلیمان جی ابڑو کی سالگرہ کی یہ تقریب ہمارے لیے ایک حوصلہ افزا موقع بھی ہے کہ ہم زیادہ سے زیادہ سماجی خدمت کریں اور پسماندہ افراد کو آگے لا کر انہیں ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔ سافکو سپورٹ فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو، بشیر احمد ابڑو، سندھ ایگریکلچرل اینڈ فاریسٹری ورکرز کوآرڈینیٹنگ آرگنائزیشن کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، ذیشان میمن اور دیگر مقررین نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سلیمان جی ابڑو کو روایتی اجرک، لونگی اور گلدستہ پیش کیا گیا، جبکہ تقریب کے اختتام پر سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔
0 تبصرے