مشرقِ وسطیٰ کی جنگ میں حوثیوں کی انٹری، اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر میزائلوں کی بارش، ایران ڈیل کرنا چاہتا ہے: ٹرمپ

ایران کا اسرائیل پر کلسٹر بموں سے حملہ، کویت میں امریکا کے 6 بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ

مشرقِ وسطیٰ کی جنگ میں حوثیوں کی انٹری، اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر میزائلوں کی بارش، ایران ڈیل کرنا چاہتا ہے: ٹرمپ

تہران/اسلام آباد/واشنگٹن/صنعا (ویب ڈیسک) ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ اب پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لیتی جا رہی ہے۔ یمن کے حوثی باغیوں نے پہلی بار اسرائیل پر میزائل حملے کی تصدیق کر دی ہے، جس کے بعد صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ جوابی کارروائی کے طور پر امریکا نے اپنا ایک اور بڑا طیارہ بردار بحری بیڑا یو ایس ایس جارج ایچ ڈبلیو بش مشرقِ وسطیٰ کی طرف روانہ کر دیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی عرب، ترکی اور مصر کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتوں کا اعلان کیا ہے، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ مذاکرات اور نئی “ڈیل” کی امید ظاہر کی ہے۔

خطے کے ممالک سلامتی چاہتے ہیں تو اپنی سرزمین ایران کے دشمنوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں: مسعود پزشکیاں
ایرانی صدر مسعود پزشکیاں نے کہا ہے کہ اگر خطے کے ممالک ترقی اور سلامتی چاہتے ہیں تو انہیں اپنی سرزمین ایران کے دشمنوں کے لیے استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وہ کئی بار واضح کر چکے ہیں کہ ایران کسی پر پہل کر کے حملہ نہیں کرتا، لیکن اگر ایران کے بنیادی ڈھانچے یا اقتصادی مراکز کو نشانہ بنایا گیا تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خطے کے ممالک کو چاہیے کہ وہ امن اور ترقی کے لیے اپنی زمین ایران کے مخالفین کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔

ٹرمپ نے دنیا کے سب سے بڑے طیارہ بردار بحری جہاز پر ایرانی حملے کی تصدیق کر دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے طیارہ بردار بحری جہاز جیرالڈ فورڈ پر ایرانی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے دنیا کے سب سے بڑے طیارہ بردار جہاز کو 17 مختلف سمتوں سے نشانہ بنایا۔ ٹرمپ کے مطابق ایرانی حملہ انتہائی شدید تھا اور جہاز پر موجود افراد جان بچانے کے لیے بھاگنے لگے۔

یمنی حوثیوں کا مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجی ٹھکانوں پر حملہ
یمن کے حوثی گروپ نے کہا ہے کہ انہوں نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا جس میں مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی علاقوں میں اسرائیلی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا۔ حوثیوں کے مطابق یہ حملہ لبنان، ایران، عراق اور فلسطین میں شہریوں کی شہادت اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کے ردعمل میں کیا گیا ہے اور اہداف حاصل ہونے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

حزب اللہ کا اسرائیل کے خلاف پہلی بار زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کا استعمال
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بیروت میں اسرائیلی جنگی طیارے پر زمین سے فضا میں مار کرنے والا میزائل فائر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حزب اللہ نے پہلی مرتبہ اس نوعیت کا میزائل استعمال کیا ہے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج کے خلاف 80 سے زائد کارروائیاں کی گئی ہیں۔

ایران معاہدہ چاہتا ہے، ہم بات چیت کر رہے ہیں اور کوئی نہ کوئی نتیجہ نکلے گا: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران ڈیل چاہتا ہے اور امریکا اس سے بات چیت کر رہا ہے، جس کا کوئی نہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ایران کو آبنائے ہرمز کا راستہ کھولنا ہوگا اور ایران اب کبھی جنگی جہاز نہیں بنا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایرانی نظام کے خطرے کو ختم کر رہا ہے، اگر ایران کے پاس ایٹم بم ہوتا تو وہ اسے اسرائیل کے خلاف استعمال کر سکتا تھا۔ بعد ازاں میامی میں خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے غلطی سے آبنائے ہرمز کو “اسٹریٹ آف ٹرمپ” کہہ دیا اور بعد میں کہا کہ ان سے غلطی ہو گئی، اب میڈیا اس پر بھی تبصرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ کہا ہے کہ نیٹو ایک “کاغذی شیر” ہے۔ امریکا نے ہمیشہ نیٹو کی مدد کی لیکن نیٹو نے کبھی امریکا کی مدد نہیں کی۔ ان کے بقول سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، بحرین اور کویت نے اس کے برعکس امریکا کی مدد کی۔

ایران کا اسرائیل پر کلسٹر بموں سے حملہ، کویت میں امریکا کے 6 بحری جہاز تباہ کرنے کا دعویٰ
ایران نے اسرائیل پر کلسٹر بموں کے ذریعے حملہ کیا ہے جبکہ کویت میں امریکا کے 6 بحری جہاز تباہ کرنے اور دبئی کے ساحلی علاقے اور ایک ہوٹل پر حملے میں کئی امریکی فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ بھی کیا گیا ہے۔ روسی میڈیا کے مطابق تل ابیب میں بلند و بالا عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میزائل اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی سائرن بجنے لگے جس کے بعد شہریوں کو شیلٹرز میں جانا پڑا۔ اسرائیل نے کلسٹر بم حملے میں ایک شخص کی ہلاکت اور دو کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق کویت کی الشویخ بندرگاہ پر امریکا کے چھ ٹیکٹیکل جہازوں کو نشانہ بنایا گیا جن میں سے تین سمندر میں ڈوب گئے جبکہ تین کو آگ لگ گئی۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق “وعدہ صادق 4” آپریشن کے تحت دشمن پر حملوں کی 84ویں لہر میں دبئی کے ساحلی علاقے اور ایک ہوٹل میں امریکی اہلکاروں کو خودکش ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق دونوں حملوں میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔ مزید یہ کہ سعودی عرب کے علاقے الخرج میں واقع پرنس سلطان ایئر بیس کو بھی نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جہاں ری فیولنگ اور ایئر سپورٹ فلیٹ کو ہدف بنایا گیا۔