”سیریل کیسر“ پہچان تھی، بولڈ مناظر کرنے میں مزہ آتا تھا: عمران خان ہاشمی

”سیریل کیسر“ پہچان تھی، بولڈ مناظر کرنے میں مزہ آتا تھا: عمران خان ہاشمی

ممبئی (ویب ڈیسک) بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے اپنے مشہور متنازعہ بولڈ امیج کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پہچان ایک وقت میں ان کی کامیابی کا سبب بنی، لیکن بعد میں یہی امیج ان کے فلمی کیریئر میں رکاوٹ بن گئی۔ عمران ہاشمی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ ان کا مشہور "سیریل کیسر" والا ٹیگ اتفاق نہیں تھا، بلکہ اس دور میں جان بوجھ کر اسے اجاگر کیا گیا، کیونکہ ایسی فلمیں کمرشل طور کامیاب ہو رہی تھیں اور وہ خود بھی اس امیج کو انجوائے کر رہے تھے۔ بولڈ مناظر کرنے میں مزہ آتا تھا۔ اداکار نے انکشاف کیا کہ اس وقت ان کی مارکیٹنگ اسی امیج کے ارد گرد گھومتی تھی اور میڈیا بھی اس عمل میں شامل تھا، لیکن ایک جیسے کردار ادا کرتے ہوئے انہیں احساس ہوا کہ خود کو بدلنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر 10 سے 14 سال میں نیا نسل سینما گھروں کا رخ کرتا ہے، اور ناظرین کے لیے خود کو نئے انداز میں پیش کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ عمران ہاشمی نے کہا کہ ہر امیج کی ایک حد ہوتی ہے، آپ کسی بھی چیز کو ایک حد تک ہی استعمال کر سکتے ہیں، اور وہ اس امیج کو مکمل طور پر استعمال کر چکے تھے، اس لیے تبدیلی ناگزیر تھی۔ اس کے باوجود اداکار نے اعتراف کیا کہ پرانا ٹیگ چھوڑنے کے باوجود یہ اب بھی ان کے ساتھ جڑا ہوا ہے، کیونکہ کسی مخصوص کردار یا امیج سے نکلنا آسان نہیں ہوتا۔ ٹائپ کاسٹنگ (ایک ہی قسم کے کردار) سے چھٹکارے کے بارے میں بات کرتے ہوئے عمران ہاشمی نے کہا کہ اس کے لیے رسک لینا اور ورسٹائل ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اداکار کو چاہیے کہ وہ مختلف اور چیلنجنگ کردار منتخب کرے، تاکہ اسکرین پر اپنی صلاحیتوں کو ثابت کر سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آگے بڑھنے کے لیے جرات مندانہ فیصلے کرنے ہوں گے اور ایسے کام کرنے ہوں گے جو آپ کی ورسٹیلٹی کو ثابت کریں، اور یہی واحد راستہ ہے۔ واضح رہے کہ عمران ہاشمی اس وقت اپنی آنے والی فلم ”آوارہ پن 2“ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جو 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم کا دوسرا حصہ ہے۔