مقدمہ درج، سانحہ گل پلازا پر قانونی کارروائی شروع

کراچی کے المناک گل پلازا آتشزدگی کیس میں ریاست کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ قائم کر دیا گیا۔

مقدمہ درج، سانحہ گل پلازا پر قانونی کارروائی شروع

کراچی کے نبی بخش تھانے میں سانحہ گل پلازا کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے، جس میں غفلت اور لاپرواہی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق مقدمہ تاحال نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کراچی کے بڑے تجارتی مراکز میں شامل گل پلازا میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں عمارت مکمل طور پر تباہ ہو گئی تھی۔ اس اندوہناک حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 71 تک پہنچ چکی ہے، جن میں سے 20 افراد کی شناخت ہو سکی ہے، جبکہ تمام لاشوں کے پوسٹ مارٹم مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یہ سانحہ شہر کی تاریخ کے بدترین تجارتی حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے۔