ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا معاملہ، پی سی بی کی بنگلادیش کے مؤقف کی حمایت، آئی سی سی کو خط ارسال

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی بورڈ ممبران کو بھی خط کی کاپی ارسال کر دی

ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا معاملہ، پی سی بی کی بنگلادیش کے مؤقف کی حمایت، آئی سی سی کو خط ارسال

لاہور (ویب ڈیسک) بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو خط لکھ دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خط میں پاکستان نے پوری صورتحال کے دوران بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز نہ کھیلنے کے حوالے سے بنگلادیش کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی بورڈ ممبران کو بھی خط کی کاپی ارسال کر دی ہے، جس کے بعد آئی سی سی نے معاملے پر آج بورڈ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق آئی سی سی بورڈ اجلاس میں بنگلادیش کے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر غور کیا جائے گا، آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کے میچز کے وینیو تبدیل کیے جانے کا امکان کم ہے، جبکہ پی سی بی بنگلادیش کے میچز پاکستان میں کرانے کی تجویز بھی دے چکا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ بنگلادیش کے فیصلے کے باعث ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے اپنے فیصلے پر نظرِ ثانی کا اشارہ بھی دے چکا ہے۔ یاد رہے کہ بنگلادیش نے سیکیورٹی خدشات کے باعث ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا اور آئی سی سی کے ساتھ جاری مذاکرات کے دوران بھی بنگلادیش اپنے مؤقف پر قائم ہے۔