سعودی عرب کی مجموعی آبادی میں سعودی شہریوں کی تعداد ایک کروڑ 88 لاکھ ہے
ریاض : سعودی عرب کی کل آبادی 3 کروڑ 21 لاکھ سےتجاوز کرگئی ہے۔
سعودی محکمہ شماریات نے 2022 تک کی آبادی کے اعداد و شمار کااعلان کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی مجموعی آبادی میں سعودی شہریوں کی تعداد ایک کروڑ 88 لاکھ ہے جبکہ باقی غیر ملکی تارکین وطن ہیں۔
سعودی عرب کی مجموعی آبادی میں مردوں کی تعداد ایک کروڑ 97 لاکھ جبکہ خواتین کی تعداد ایک کروڑ 25 لاکھ ہے۔
محکمہ شماریات کے مطابق آبادی کےلحاظ سے دارالحکومت ریاض سعودی عرب کاسب سے بڑا شہر ہے، جدہ دوسرا، مکہ تیسرا، مدینہ چوتھا اور دمام آبادی کے لحاظ سے پانچواں بڑا شہر ہے۔
2010 کے اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب کی مجموعی آبادی 2 کروڑ 40 لاکھ تھی، 2010 سے 2022 تک سعودی عرب میں آبادی کی سالانہ شرح نمو 2.5 فیصد رہی۔
محکمہ شماریات کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی 63 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر ہے۔
کورونا وبا اور سعودی حکومت کی جانب سے ٹیکسز نافذ کیے جانے کی وجہ سے 2020 میں تقریباً 10 لاکھ تارکین وطن سعودی عرب چھوڑ گئے تھے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بھی ساتویں مردم و خانہ شماری کا سلسلہ جاری ہے اور ادارہ شماریات کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اب تک ہونے والی گنتی میں پاکستان کی مجموعی آبادی 24 کروڑ 33 لاکھ 36 ہزار 354 افراد تک پہنچ گئی ہے۔
0 تبصرے