نیپرا نے 300 یونٹ ماہانہ تک کے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کر دیے

نیپرا نے 300 یونٹ ماہانہ تک کے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز عائد کر دیے

اسلام آباد (ویب ڈیسک) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 300 یونٹ ماہانہ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز لاگو کر دیے ہیں۔ نیپرا نے فکسڈ چارجز کے حوالے سے پاور ڈویژن کی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں طرح کے صارفین پر عائد کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل صرف 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز لاگو تھے۔ نیپرا کے فیصلے کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں، جبکہ 200 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 300 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔ اسی طرح 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے ماہانہ فکسڈ چارجز لاگو کیے گئے ہیں، 200 یونٹ تک استعمال کرنے والوں پر 300 روپے، جبکہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں۔ نیپرا کے مطابق 301 سے 400 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے فکسڈ چارجز میں 200 روپے اضافہ کر کے اسے 400 روپے کر دیا گیا ہے۔ 401 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے 100 روپے اضافے کے ساتھ فکسڈ چارجز 500 روپے مقرر کیے گئے ہیں۔ مزید برآں، 600 یونٹ ماہانہ استعمال کرنے والوں کے فکسڈ چارجز میں 75 روپے اضافہ کر کے اسے 675 روپے کر دیا گیا ہے۔