سلینا جیٹلی نے 2011 میں آسٹریا کے کاروباری شخصیت پیٹر ہیگ سے شادی کی تھی اور بعد میں بیرون ملک منتقل ہوگئیں
نئی دہلی (ویب ڈیسک)سابق مس انڈیا اور 2000 کی دہائی کے آغاز میں بالی وڈ کی مشہور اداکارہ سلینا جیٹلی نے پہلی بار اپنے شوہر سے طلاق کے بارے میں خاموشی توڑ دی۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی شادی کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر طلاق ہوگئی اور انہوں نے اپنے شوہر پر جسمانی و ذہنی تشدد، بچوں سے علیحدگی اور اثاثوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کے الزامات لگائے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سلینا جیٹلی نے 2011 میں آسٹریا کے کاروباری شخصیت پیٹر ہیگ سے شادی کی تھی اور بعد میں بیرون ملک منتقل ہوگئیں۔
مداحوں کا خیال تھا کہ وہ پرامن گھریلو زندگی گزار رہی ہیں، لیکن حقیقت اس کے برعکس نکلی۔ اداکارہ نے تصدیق کی کہ وہ اپنے شوہر سے الگ ہو چکی ہیں اور ان پر جسمانی و ذہنی تشدد کے الزامات ہیں۔
سلینا جیٹلی نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ طلاق کا فیصلہ اچانک نہیں تھا، بلکہ وہ برسوں سے تشدد کا شکار رہی اور آخر کار اپنی عزت نفس کی حفاظت کے لیے اس رشتے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کی بھاری قیمت چکانی پڑی اور انہیں اپنے بچوں سے دور ہونا پڑا۔
اداکارہ نے اپنی جذباتی پوسٹ میں بتایا کہ انہیں آسٹریا سے رات دیر سے پڑوسیوں کی مدد سے نکلنا پڑا اور بھارت واپس آنا پڑا، اس دوران انہیں اپنے بچوں کو پیچھے چھوڑنا پڑا۔ عزت نفس کے لیے آواز بلند کرتے ہوئے انہیں اپنے بچوں کو بھی کھونا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ 11 اکتوبر 2025 کی رات تقریباً ایک بجے مسلسل تشدد سے بچنے کے لیے آسٹریا سے نکلنے میں کامیاب ہوئیں۔
سلینا نے بتایا کہ جوائنٹ کسٹڈی کے عدالتی حکم کے باوجود انہیں اپنے بچوں سے بات کرنے کی اجازت نہیں دی گئی اور بچوں پر جذباتی دباؤ ڈال کر انہیں اپنے خلاف بولنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ بھارت واپس آنے کے بعد انہیں اپنے گھر میں داخلے کے لیے عدالت سے رابطہ کرنا پڑا کیونکہ ان کے شوہر نے ملکیت پر دعویٰ کیا تھا اور طویل قانونی جنگوں کی وجہ سے انہیں مجبوراً بڑے قرضے لینے پڑے۔
انسٹاگرام پوسٹ میں سلینا جیٹلی نے کہا کہ شادی کی 15ویں سالگرہ کے موقع پر شوہر نے انہیں مقامی پوسٹ آفس لے جایا، لیکن تحفے کی بجائے طلاق کے کاغذات دئیے اور کہا کہ یہ سالگرہ کا تحفہ ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ اپنے بچوں کی خاطر کئی بار بغیر جھگڑے علیحدگی کی کوشش کی، لیکن ان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اپنی شادی سے پہلے کی ملکیت سے بھی ہاتھ ہٹائیں اور ایسی شرائط قبول کریں جو ایک عورت اور ماں کی آزادی اور ساکھ کے خلاف تھیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، سلینا جیٹلی ایک قانونی الجھن میں پھنس چکی ہیں، ان کا بھائی اس وقت متحدہ عرب امارات کی ایک جیل میں ہے اور اداکارہ اس کے لیے قانونی مدد حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
سلینا جیٹلی کی مشہور فلموں میں نو اینٹری، جانشین، ٹام، ڈیک اینڈ ہیری اور تھینک یو شامل ہیں۔ وہ شادی کے بعد بالی وڈ اور ملک سے دور چلی گئی تھیں، لیکن اب ان کی دکھ بھری کہانی نے مداحوں کو افسردہ کر دیا ہے۔
0 تبصرے