کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف میگا آپریشن شروع، سندھ اور پنجاب پولیس کا مشترکہ لائحہ عمل

سندھ حکومت نے کچے کے علاقوں میں جرائم کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرتے ہوئے پنجاب پولیس سے تعاون لینے کا فیصلہ کر لیا۔

کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف میگا آپریشن شروع، سندھ اور پنجاب پولیس کا مشترکہ لائحہ عمل

سندھ حکومت نے کچے کے علاقوں میں سرگرم ڈاکوؤں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف وسیع پیمانے پر میگا آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، جس میں پنجاب پولیس کے تعاون کو بھی شامل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار کی زیر صدارت سکھر اور لاڑکانہ رینجز میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھ اور پنجاب پولیس کے باہمی تعاون سے جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں اور آئندہ بھی مشترکہ حکمت عملی کے تحت سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کچے کے علاقوں میں امن و امان کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ آئی جی سندھ نے اجلاس کے دوران میگا آپریشن کے لیے درکار وسائل سے متعلق سفارشات جلد حکومت کو ارسال کرنے کی ہدایت دی تاکہ بروقت معاونت اور توثیقی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ اس موقع پر آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی گھوٹکی نے جرائم کے خلاف جاری کارروائیوں، آپریشنل پیش رفت اور حاصل شدہ کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ کچے اور پکے دونوں علاقوں میں پولیس فورس مکمل طور پر متحرک ہے، جبکہ جدید ٹیکنالوجی، ڈرون نگرانی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے ذریعے جرائم پیشہ عناصر کا مؤثر تعاقب کیا جا رہا ہے۔ پولیس کی مستقل موجودگی کے باعث کچے کے علاقوں میں جرائم کے خاتمے کی کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ وزیر داخلہ سندھ نے آئی جی سندھ کو ہدایت دی کہ وہ آئی جی پنجاب اور آر پی او بہاولپور سے براہِ راست رابطہ کر کے مشترکہ میگا آپریشن کے حوالے سے اعتماد سازی اور عملی اقدامات کو حتمی شکل دیں۔