کراچی میں ایک اور بچہ گٹر میں گرکر جاں بحق، شہری انتظامیہ کی غفلت انتہا کو پہنچ گئی

کراچی میں ایک اور بچہ گٹر میں گرکر جاں بحق، شہری انتظامیہ کی غفلت انتہا کو پہنچ گئی

کراچی: کراچی میں انتظامی غفلت کے باعث ایک اور بچہ گٹر میں گرکر جاں بحق ہوگیا، مین ہول کا ڈھکن نہ ہونے کے باعث ایک اور بچہ جان سے گیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق 8 سالہ بچہ کورنگی مہران ٹاؤن سیکٹر سکس جی کے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہوا، بچے گلی میں کھیل رہے تھے، 8 سالہ بچہ مین ہول میں گرا اور دم توڑ گیا۔ ریسکیوحکام نے بتایا کہ متوفی بچے کی شناخت دلبر علی کے نام سے ہوئی جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مین ہول سے بچے کی لاش نکال لی گئی ہے۔ انتظامیہ ہمیشہ کی طرح غائب نظر آئی اور رواں سال جنوری سے اب تک کہ 14واں واقعہ رپورٹ ہوا ہے جبکہ مجموعی طور پر اب تک 27 افراد کھلے مین ہول اور نالوں کے باعث موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں 14 بچے مین ہول میں گرکر جبکہ 13 افراد کھلے نالوں میں گر کر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ گلی کے اندر کھلا مین ہول تھا اور چھوٹے بچے گلی میں کھیل رہے تھے، 8 سالہ بچہ دلبر اسی دوران مین ہول میں گرا جبکہ گٹر کا پانی بھی بالکل اوپر تک آیا ہوا تھا۔