گلستانِ جوہر میں جھونپڑیوں میں لگنے والی خوفناک آگ نے سیکڑوں افراد کو بے گھر کر دیا، ریسکیو ٹیموں کی بھرپور کوششوں کے باوجود 200 جھونپڑیاں جل گئیں۔
کراچی: گلستانِ جوہر کے علاقے میں منور چورنگی کے قریب جھونپڑیوں میں جمعرات کی شب اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس نے لمحوں میں شدت اختیار کرلی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے جھونپڑیوں کے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، نتیجتاً تقریباً 200 جھونپڑیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہوگئیں۔
آگ کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ ریسکیو اہلکاروں کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم درجنوں خاندان اپنا سر چھپانے کی جگہ اور قیمتی سامان سے محروم ہو گئے۔
ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، تاہم ذرائع کے مطابق شارٹ سرکٹ یا چولہے سے آگ بھڑکنے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ متاثرہ شہریوں نے حکومت سے ہنگامی امداد، عارضی رہائش اور فوری بحالی اقدامات کی اپیل کی ہے۔
سول انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ متاثرین کیلئے امدادی کیمپس اور سامان کی فراہمی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
0 تبصرے