چین میں ’کاکروچ کافی‘ نے دھوم مچا دی: کاکروچ پاؤڈر اور میل ورمز والی انوکھی ڈرنک مقبول

بیجنگ کے ایک میوزیم میں پیش کی جانے والی کاکروچ اور میل ورمز پر مبنی منفرد کافی چینی صارفین میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔

چین میں ’کاکروچ کافی‘ نے دھوم مچا دی: کاکروچ پاؤڈر اور میل ورمز والی انوکھی ڈرنک مقبول

چین میں بیجنگ کے ایک میوزیم میں متعارف کرائی گئی انتہائی انوکھی کافی نے شائقین کی توجہ کھینچ لی ہے۔ یہ کوئی عام کافی نہیں بلکہ اس میں پسا ہوا کاکروچ پاؤڈر اوپر سے چھڑکا جاتا ہے جبکہ مشروب کے اندر خشک پیلے میل ورمز بھی شامل کیے جاتے ہیں، جس سے یہ کافی غیر معمولی مگر دلچسپ تجربہ بن جاتی ہے۔ چینی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس ’روچ کافی‘ کی قیمت 45 یوآن (تقریباً 6 ڈالر) رکھی گئی ہے اور یہ حشرات سے متعلق ایک میوزیم کے کافی کارنر میں دستیاب ہے۔ رپورٹ میں میوزیم کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ میوزیم کے ایک ملازم نے بتایا کہ اگرچہ یہ کافی جون کے آخر میں پیش کی گئی تھی مگر سوشل میڈیا پر اسے حال ہی میں بےحد مقبولیت ملی ہے۔ ان کے مطابق چونکہ میوزیم کا موضوع کیڑے مکوڑے ہیں، اس لیے اسی تھیم سے مطابقت رکھنے والی ڈرنکس پیش کرنا ایک منفرد مگر مناسب خیال سمجھا گیا۔ روایتی چینی طب کے مطابق کاکروچ پاؤڈر خون کی گردش بہتر بنانے میں مددگار سمجھا جاتا ہے جبکہ پروٹین سے بھرپور میل ورمز مدافعتی نظام کو تقویت دینے کے لیے مفید سمجھے جاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس کافی کو نہ صرف ایک دلچسپ تجربہ بلکہ صحت کے لیے مفید قرار دے کر بھی پیش کیا جا رہا ہے۔