وائرل ڈانسر اور ٹک ٹاک اسٹار عائشہ اظہر نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں ندا یاسر کے شو میں سنجیدہ گفتگو کے بجائے صرف ویوز اور ہائپ بڑھانے کے لیے بلایا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل گیت ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والی نوجوان پاکستانی ٹک ٹاکر عائشہ اظہر نے میزبان ندا یاسر پر کھل کر تنقید کی ہے۔ عائشہ نے کہا کہ وہ شو میں صرف اپنے والد کی خواہش پر گئی تھیں، اور یہ دعوت کسی سنجیدہ انٹرویو کے لیے نہیں بلکہ ویوز بڑھانے کے مقصد سے دی گئی تھی۔
عائشہ نے بتایا کہ شو کے دوران وہاں بہت سے لوگ موجود تھے، ماحول سنجیدہ انٹرویو جیسا نہیں تھا اور انہیں ایسا ہرگز محسوس نہیں ہوا کہ وہ کسی باضابطہ گفتگو کا حصہ ہیں۔
ایک پچھلے انٹرویو میں عائشہ اظہر نے اپنی عمر کے بارے میں بتایا کہ وہ اس وقت 18 برس کی ہیں اور جب ان کی وائرل ڈانس ویڈیو 2022 میں سامنے آئی تھی تب وہ صرف 14 برس کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ میٹرک مکمل کر چکی ہوں لیکن یقین نہیں کہ تعلیم جاری رکھوں گی یا نہیں، کیونکہ ان کی دلچسپی ماڈلنگ میں ہے اور وہ اسی فیلڈ میں کیریئر بنانا چاہتی ہیں۔
عائشہ نے اعتراف کیا کہ اکیڈمک تعلیم میں وہ کبھی مضبوط نہیں رہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ میٹرک میں تین بار فیل ہوئیں اور آخرکار اپنے دوستوں کی مسلسل حوصلہ افزائی اور زبردستی اسکول بھیجنے کی وجہ سے پاس ہو سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تعلیم سے ہٹ کر کچھ اور کرنا چاہتی ہیں اور اسی لیے پڑھائی سے بریک لیا ہے۔
واضح رہے کہ عائشہ اظہر پہلی بار اس وقت وائرل ہوئیں جب وہ اپنی دوست کی شادی میں ’میرا دل یہ پکارے آجا‘ پر ڈانس کرتی نظر آئیں۔ ان کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر طوفان مچا دیا تھا۔ اس وقت وہ ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر کافی سرگرم ہیں اور ماڈلنگ میں اپنا مستقبل بنانا چاہتی ہیں۔
0 تبصرے