قومی ادارہ صحت نے اسموگ کے بڑھتے ہوئے اثرات کے پیش نظر شہریوں کو صحت کے لیے خطرات اور حفاظتی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
اسلام آباد: قومی ادارہ صحت نے اسموگ کے بڑھتے ہوئے اثرات کے حوالے سے شہریوں کے لیے ہنگامی ایڈوائزری جاری کی ہے اور خبردار کیا ہے کہ اسموگ سے سانس کی بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے۔
ایڈوائزری میں بتایا گیا کہ فضا میں موجود زہریلے مادے اور سرد موسم کے ملاپ سے نمونیا اور دیگر سانس کی بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ فضائی آلودگی سے خصوصاً بچے، عمر رسیدہ افراد اور پہلے سے بیمار افراد زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔
ایڈوائزری کے مطابق لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد میں اسموگ کے اثرات بڑھنے کا خدشہ ہے، اور لاہور میں فضائی آلودگی کی شدت سب سے زیادہ ہے، اس لیے شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قومی ادارہ صحت نے ملک بھر کے ہیلتھ اتھارٹیز اور ماہرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسموگ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ بچے زیادہ دیر گھر کے باہر نہ رہیں، متاثرہ علاقوں میں ماسک استعمال کریں اور فضائی آلودگی کے دنوں میں زیادہ احتیاط برتیں۔
0 تبصرے