جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا میں چھپے افغان خارجیوں کے خلاف پاک فوج اور سیکیورٹی فورسز کا فیصلہ کن کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دہشتگرد مسلسل افغانستان سے ہدایات لے رہے تھے۔
جنوبی وزیرستان کے کیڈٹ کالج وانا میں موجود تین افغان خارجی دہشتگردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا فیصلہ کُن کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ تینوں دہشتگرد افغانستان سے تعلق رکھتے ہیں اور آپریشن سے قبل اپنے ہینڈلرز سے مسلسل ٹیلیفونک رابطے میں تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ خوارج کالج کی ایک الگ عمارت میں چھپے ہوئے ہیں جو کیڈٹس کی رہائشی عمارتوں سے کافی دور واقع ہے، تاہم اس وقت پانچ سو کے قریب کیڈٹس کالج میں موجود ہیں جنہیں محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
فورسز کو دہشتگردوں کے موبائل فون سے ایک ویڈیو بھی ملی ہے جس میں انہیں کالج کے احاطے کے اندر دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ ویڈیو گزشتہ روز مارے گئے افغان خوارج کے موبائل سے برآمد ہوئی۔
موبائل فون کے فارنزک تجزیے میں انکشاف ہوا ہے کہ دہشتگرد افغانستان میں موجود اپنے ہینڈلرز سے مسلسل ہدایات حاصل کر رہے تھے۔
گزشتہ روز افغان خوارج نے کالج کے مرکزی گیٹ پر بارود سے بھری گاڑی ٹکرا دی تھی، جس کے نتیجے میں گیٹ تباہ اور قریب کی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔
پاک فوج کے جوانوں نے بروقت اور جرات مندانہ کارروائی کرتے ہوئے دو خوارجیوں کو موقع پر ہلاک کر دیا، جبکہ تیسرے دہشتگرد کے خلاف کارروائی جاری ہے۔
سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ آپریشن اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور جلد کالج کو مکمل طور پر کلیئر کر دیا جائے گا۔
0 تبصرے