جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال میں نہ کرسکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دیکھایا۔آئی ایس پی آر
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 10 مئی 2023ء) ترجمان پاک فوج نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے بعد ہنگاموں اور آرمی کی املاک پر کیے جانے والے حملوں پر سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کا دن سیاہ باب کی طرح یاد رکھا جائے گا، جو کام ملک کے ابدی دشمن 75 سال میں نہ کرسکے وہ اقتدار کی ہوس میں مبتلا ایک سیاسی لبادہ اوڑھے ہوئے اس گروہ نے کر دیکھایا ہے۔
چئیرمین پی ٹی آئی کو کل ہائیکورٹ سے قانون کے مطابق حراست میں لیا گیا۔گرفتاری کے فوراَ بعد منظم طریقے سے آرمی املاک،تنصیبات پر حملے کرائے گئے۔ عمران خان کی گرفتاری کے بعد فوج مخالف نعرے بازی کرائی گئی۔پاک فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ جو سہولت کار ،منصوبہ ساز اورسیاسی بلوائی ان کاروائیوں میں ملوث ہیں ان کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت کاروائی کی جائے گی۔
فوج بشمول تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے، فوجی و ریاستی تنصیبات اور املاک پر کسی بھی مزید حملے کی صورت میں شدید ردعمل دیا جائے گا۔آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آرمی کے میچور رسپانس نے اس سازش کو ناکام بنا دیا،ہمیں اچھی طرح علم ہے کہ اس کے پیچھے پارٹی کی کچھ شر پسند لیڈرشپ کے احکامات، ہدایات اور مکمل پیشگی منصوبہ بندی تھی اور ہے۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ فوج نے انتہائی تحمل ، بردباری کا مظاہرہ کیا اور اپنی ساکھ کی بھی پرواہ نہ کرتے ہوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں انتہائی صبر اور برداشت سے کام لیا۔
0 تبصرے