کامران ٹیسوری گورنر ہاؤس کی چابیاں لے گیا، اویس قادر شاہ عدالت پہنچ گئے

اویس قادر شاہ عدالت پہنچ گئے

کامران ٹیسوری گورنر ہاؤس کی چابیاں لے گیا، اویس قادر شاہ عدالت پہنچ گئے

کراچی (ویب ڈیسک) – گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی جانب سے گورنر ہاؤس کے دفتر کی چابیاں ساتھ لے جانے کے معاملے پر وضاحت سامنے آ گئی ہے، جبکہ قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ نے اس معاملے پر عدالت سے رجوع کر لیا ہے۔ گورنر ہاؤس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اویس قادر شاہ کی جانب سے صورتحال کو غلط سمجھا گیا۔ ترجمان کے مطابق سیکریٹری داخلہ، آئی جی، ڈی آئی جی سمیت دیگر اعلیٰ افسران کے ساتھ ایک طے شدہ اجلاس کے لیے کانفرنس روم مختص کیا گیا تھا، جبکہ قائم مقام گورنر کے لیے پہلے سے ہی ایک مخصوص دفتر تیار کیا گیا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اگر اویس قادر شاہ کو مرکزی دفتر استعمال کرنا ہوتا تو بروقت اطلاع دینے پر اس کا انتظام کیا جا سکتا تھا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گورنر کامران ٹیسوری نے پرنسپل سیکریٹری کو 24 گھنٹوں میں انکوائری مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ دوسری جانب کامران ٹیسوری نے وضاحت دی ہے کہ گورنر ہاؤس ہمیشہ عوام کے لیے کھلا رہا ہے، اور وہ اویس قادر شاہ کو اسپیکر اور ذاتی حیثیت میں عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اویس قادر شاہ عدالت پہنچ گئے واضح رہے کہ قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2 جون سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری بیرون ملک ہیں، اور ان کی عدم موجودگی میں اویس قادر شاہ نے قائم مقام گورنر کا چارج سنبھالا ہے، مگر انہیں گورنر ہاؤس تک رسائی نہیں دی جا رہی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ قائم مقام گورنر کو سرکاری امور سے روکنا آئین کی خلاف ورزی ہے، اس لیے عدالت سے درخواست ہے کہ فوری سماعت مقرر کی جائے۔ عدالت نے اویس قادر شاہ کی درخواست پر فوری سماعت کی استدعا منظور کر لی ہے۔