"شاہراہِ بھٹو تحفہ نہیں، آپ کا کام ہے" — وزیر اعلیٰ کے بیان پر طلحہ انجم برہم

کراچی (ویب ڈیسک) معروف ریپر طلحہ انجم نے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہراہِ بھٹو کو عوام کے لیے تحفے کے طور پر پیش کرنا سراسر غیر سنجیدہ عمل ہے، حکومتی نمائندوں کو عوامی سہولیات کو تحفہ نہیں بلکہ اپنی ذمہ داری سمجھ کر فراہم کرنا چاہیے۔ طلحہ انجم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے اس بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا جس میں انہوں نے شاہراہِ بھٹو کو پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے کراچی کے شہریوں کے لیے "تحفہ" قرار دیا تھا۔ طلحہ انجم نے لکھا: "یہ کوئی تحفہ نہیں، بلکہ حکومت کی ذمے داری ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ وہ گزشتہ 15 سال سے سندھ میں بدترین حکمرانی دیکھ رہا ہے، اور آج بھی جب ایسے بیانات سننے کو ملتے ہیں تو حیرت ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ طلحہ انجم اپنے بے باک بیانات کے لیے جانے جاتے ہیں اور وہ ماضی میں بھی مختلف مواقع پر عوامی مسائل پر آواز اٹھاتے رہے ہیں۔ ان کے تازہ بیان کو سوشل میڈیا پر بھرپور پذیرائی مل رہی ہے، جہاں کئی صارفین نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے طلحہ انجم کی حمایت کی ہے۔