یوٹیوب کے ذریعے کمانے والوں کے لیے پالیسی میں تبدیلی، کن مواد پر پابندی ہوگی؟

یوٹیوب کے ذریعے کمانے والوں کے لیے پالیسی میں تبدیلی، کن مواد پر پابندی ہوگی؟

یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے پیسے کمانے کے خواہشمند صارفین کے لیے نئی پالیسیاں نافذ کر دی گئی ہیں۔ دنیا بھر میں لاکھوں افراد مشہور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب سے اضافی آمدنی حاصل کرتے ہیں۔ اربوں افراد یہ پلیٹ فارم استعمال کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ تخلیقی صلاحیت رکھنے والوں کے لیے یہ اپنی قابلیت دکھانے کی بہترین جگہ ہے۔ لیکن اگر آپ یوٹیوب کو آمدنی کے لیے استعمال کرتے ہیں تو اب ایک بڑی تبدیلی کے لیے تیار ہو جائیں۔ یوٹیوب نے 15 جولائی (آج) سے منیٹائزیشن پالیسی میں اہم تبدیلیاں کر دی ہیں۔ ان تبدیلیوں کا مقصد غیر معیاری مواد، بار بار پوسٹ کی جانے والی ویڈیوز اور مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے تیار کی گئی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرنے کو ناممکن بنانا ہے، جبکہ اصل اور تخلیقی ویڈیوز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ یوٹیوب پارٹنر پروگرام (YPP) کو اپڈیٹ کرکے تفصیلی ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن میں واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کس قسم کے مواد سے آمدنی حاصل کر سکتے ہیں اور کس سے نہیں۔ یوٹیوب کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صارفین کا ری ایکشن ویڈیوز کے ذریعے آمدنی حاصل کرنے کا عمل متاثر نہیں ہوگا۔ نئی پالیسی کے مطابق، جن ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا، ایسا مواد پچھلی پالیسیوں کے مطابق بھی منیٹائزیشن کے لیے نااہل سمجھا جاتا تھا۔ یوٹیوب کے ہیلپ پیج پر واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ صارفین کے لیے ہمیشہ اصل اور مستند مواد اپلوڈ کرنا لازمی ہے۔ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ "ہم ہمیشہ اوریجنل اور تصدیق شدہ مواد کو ترجیح دیتے ہیں اور ایسے صارفین کو ہی آمدنی کی صورت میں انعام دیا جاتا ہے۔"