پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کے ڈائریکٹر جنرل، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیشہ امن کو ترجیح دیتا ہے، لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو اس کا بھرپور جواب دینے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
ایک بین الاقوامی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ایٹمی تصادم کا تصور بھی غیر معقول ہے، کیونکہ ایسی جنگ دونوں ممالک کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ ایٹمی جنگ ایک بےوقوفی پر مبنی خیال ہے جس سے ہر قیمت پر گریز کیا جانا چاہیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام چاہتا ہے اور موجودہ حالات میں بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کشیدگی کو بڑھنے سے روکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ثبوت موجود ہیں جن سے پاکستان کے کسی دہشتگرد کارروائی میں ملوث ہونے کا اشارہ ملتا ہے، تو وہ پیش کیے جائیں، پاکستان خود کارروائی کرے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت ایک مخصوص بیانیہ بنا کر دنیا کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن اب بین الاقوامی برادری بھی بھارت کے ان جھوٹے دعوؤں سے آگاہ ہو چکی ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں امن کی فضا کو سراہتے ہیں، لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہم ہر وقت تیار ہیں۔
0 تبصرے