ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کے ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل، تفتیش میں اہم انکشافات

ٹک ٹاکر ثنا یوسف کے قتل کے ملزم کو شناخت پریڈ کے لیے جیل منتقل، تفتیش میں اہم انکشافات

اسلام آباد (ویب ڈیسک): اسلام آباد میں قتل ہونے والی ٹک ٹاک اسٹار ثنا یوسف کے مبینہ قاتل کے حوالے سے پولیس تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے مبینہ قاتل کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا ہے۔ ثنا یوسف کے مبینہ قاتل عمر حیات کو عدالت میں جج احمد شہزاد گوندل کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں پولیس نے ملزم کی جسمانی ریمانڈ اور شناخت پریڈ کی درخواست دی۔ عدالت نے شناخت پریڈ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمر حیات کو جیل بھیج دیا۔ دوسری جانب پولیس ذرائع کے مطابق تفتیش کے دوران ملزم کے حوالے سے چند اہم حقائق سامنے آئے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عمر حیات ایک فارچونر گاڑی کرائے پر لے کر فیصل آباد سے اسلام آباد آیا تھا لیکن کرایہ ادا نہیں کیا۔ رینٹ کار کے مالک نے ملزم کی گرفتاری کے بعد کرایہ لینے کی کوشش کی تو ملزم کے پاس صرف دو تین سو روپے تھے۔ پولیس کے مطابق ملزم خود کو لینڈلارڈ کا بیٹا ظاہر کرتا تھا، جبکہ اس کا والد گریڈ 16 کا ریٹائرڈ ملازم ہے۔ مقتولہ ثنا یوسف کی سالگرہ پر ملزم نے کیک اور تحفے لے کر اسلام آباد کے سیکٹر G-13 میں اس سے ملاقات کی کوشش کی، لیکن ثنا یوسف نے ملزم سے ملنے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں 2 جون کو ملزم دوبارہ اس کے گھر پہنچا۔ ملزم نے بیان دیا کہ قتل کے بعد اس نے بائیک رائیڈ بک کی، پھر ٹیکسی سے بس اڈے پہنچا اور وہاں سے فیصل آباد کی بس میں گھر روانہ ہو گیا۔ یاد رہے کہ دو دن قبل اسلام آباد میں 17 سالہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثنا یوسف کو اس کے گھر میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا، جس کے بعد پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔ اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے قتل کے 24 گھنٹوں کے اندر عمر حیات عرف کاکا کو فیصل آباد سے گرفتار کیا، اور اس کے قبضے سے ہتھیار بھی برآمد کیے۔ ثنا یوسف کے قتل کے بعد ملزم کی فرار ہونے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی تھی، جس نے اس کی گرفتاری میں مدد دی۔