قومی اقتصادی کونسل نے ایک ہزار ارب روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ منظور کر لیا

قومی اقتصادی کونسل نے ایک ہزار ارب روپے کا وفاقی ترقیاتی بجٹ منظور کر لیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) قومی اقتصادی کونسل نے آئندہ مالی سال کے لیے ایک ہزار ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کا اہم اجلاس وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں مالی سال 2025-26 کے معاشی اہداف کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران قومی ترقیاتی منصوبے، پی ایس ڈی پی، اور میکرو اکنامک اہداف کا جائزہ لیا گیا، جبکہ نئے مالی سال کے لیے شرحِ نمو، زراعت، صنعت، اور سروسز سیکٹر کے اہداف پر مشاورت کی گئی۔ پلاننگ کمیشن کے ذرائع کے مطابق قومی اقتصادی کونسل نے ایک ہزار ارب روپے کے وفاقی ترقیاتی بجٹ کی منظوری دے دی، جبکہ آئندہ مالی سال کے لیے جی ڈی پی میں 4.2 فیصد ترقی کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اجلاس میں بلوچستان کے این-25 منصوبے کے بجٹ میں کٹوتی کرتے ہوئے 120 ارب روپے کے بجائے 100 ارب روپے کا پیکیج منظور کیا گیا، جبکہ برآمدات کا سالانہ ہدف 35 ارب ڈالر مقرر کیا گیا۔